برنالہ:گیس ایجنسی میں سلنڈر پھٹنے سے دھماکہ،2دکانیں تباہ،2ملازم زخمی

برنالہ (تحصیل رپورٹر)موئیل بازار میں گیس ایجنسی میں سلنڈر پھٹنے سے زور دار دھماکے سے دو دوکانیں مکمل تباہ ہو گئی دکان کے اندر 2ملازم عبدالغفور ولد محمد فاروق اور عدیل ولد الطاف شدید زخمی ہوگئے ،  سلنڈر کی دوکان کے ساتھ والی حمید آٹوز کے نام سے دکان مکمل تباہ ۔تحصیل برنالہ میں ریسیکو 1122 نہ ہونے کی وجہ سے عوام علاقہ نے فوری امدادی کاروائی میں حصہ لیا ، زخمیوں کو الشفا ء ہسپتال برنالہ لایا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد عدیل ولد الطاف کو میرپور ریفر کر دیا گیا ۔چوکی سینگری آفیسر ، ایس ایچ او تھانہ برنالہ بھی موقع پرپہنچ گئے ۔ہنگامی صورت حال میں گنجان آباد علاقوں میں سب سے پہلے ردعمل ،فوری امداد دینے والے ادارے ریسکیو 1122ضلع بھمبر میں تو موجود ہے جبکہ تحصیل برنالہ جہاں ڈیڑھ لاکھ آبادی موجود ہے اور اسکے مین بازاروں جن میں موئیل ، کوٹ جیمل ،برنالہ ، کڈہالہ کے اندر ہزاروں کی تعداد میں دوکانیںمین روڈ اور اندرون مارکیٹوں میں موجود ہیں جہاں کسی بھی ہنگامی صورت حال آگ لگنے کی صورت، شارٹ سرکٹ کے باعث فوری امداد میں تاخیر کی بڑی وجہ ریسکیو 1122 کا تحصیل برنالہ میں موجود نہ ہونا ہے ۔اکثر اوقات ہنگامی صورت حال میں مقامی فراد فوری امداد کرتے ہیں جسکے باعث جانی و مالی نقصان کافی ہوتا ہے ،حکومت آزاد کشمیر کی توجہ اس کور ایشو کی طرف متعدد بار قومی اخبارات کے ذریعے کروائی جا چکی ہے کہ مین بازاروں ،گنجان آباد مارکیٹوں ، گلی محلوں میں کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمبٹنے کیلئے تحصیل برنالہ کے اندر ریسکیو 1122موجود ہونا چاہیے لیکن ارباب اختیار لمبی تان کر سو چکے ہیں اور عوام کا سالوں سے جانی و مالی نقصان ہوتا چلا آ رہا ہے ۔