انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے،نوازشریف کیخلاف فیصلوں پر شدید تحفظات ہیں،فاروق حیدر

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی سے ملاقات کیلئے پارلیمنٹ ہائوس پہنچ گئے ،جمعہ کو  سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق کے ہمراہ چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی، پاکستان تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں کے بعض سینئرز رہنما بھی موجود تھے۔ آزادکشمیر اور پاکستان کے سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات ایک گھنٹہ تک جاری رہی۔ ذرائع کے مطابق آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اختیارات آزاد خطے میں حکومت اپوزیشن جماعتوں کے تعلقات کار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد اس خبررساں ادارے کے استفسار پر وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ نے خیرسگالی کی ملاقات کی۔ ایک سوال کے جواب میں راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزادکشمیر کی تمام جماعتیں قانون ساز اسمبلی کی سابقہ حیثیت کی بحالی پر متفق ہیں۔ قانونی تقاضے پورے کرنے کے لئے مشاورت ہو رہی ہے۔ ایک دو ماہ میں قانون ساز کونسل کے اختیارات کے اس اہم مرحلہ کو مکمل کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سب چاہتے ہیں کہ آزادکشمیر کونسل سے قبل قانون ساز اسمبلی اور آزادکشمیر کی حیثیت تھی اسے بحال کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزادکشمیر میں بلوچستان جیسی سیاسی تبدیلی کا دور دور تک امکان نہیں ہے۔ ایسی صورتحال تو تب پیدا ہوتی ہے جب پارٹی ارکان منحرف ہو جائیں۔ مسلم لیگ (ن) اور اس کے اتحادی مکمل طور پر یکجا ہیں۔ بلوچستان جیسی صورتحال کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔