بیوروکریٹ کا کام ملک کی خدمت کرنا ہے، شریف خاندان کی نہیں: عمران خان

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب کی بیوروکریسی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیوروکریٹ کا کام ملک کی خدمت کرنا ہے، شریف خاندان کی نہیں۔

لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد پنجاب کی بیوروکریسی میں ہلچل کے تناظر میں اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو بیوروکریسی کا 'گاڈ فادر' قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ عمران خان نے آج وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور سرکاری افسروں کی کرپشن کا گٹھ جوڑ بے نقاب کرنے کا اعلان کر رکھا تھا۔

گذشتہ روز عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے فرنٹ مین احد چیمہ کی گرفتاری پر بیوروکریسی کا احتجاج شرمناک ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا تھا کہ گاڈ فادر شہباز شریف کی سربراہی میں کرپٹ ٹولہ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، اگر اس ٹولے کے ہاتھ صاف ہیں تو احتساب سے کیوں گھبراتا ہے؟

واضح رہے کہ نیب نے 21 فروری کو کارروائی کرتے ہوئے لاہور ڈویلمپنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی کی 32 کنال اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر گرفتار کیا تھا۔

نیب حکام کی جانب سے اگلے ہی روز احد چیمہ کو عدالت میں پیش کیا گیا جس پر عدالت نے انہیں 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر حوالے کردیا۔

تاہم احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد پنجاب حکومت اور بیوروکریسی میں ہلچل دیکھی جارہی ہے۔

احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا جب کہ صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی ہوئی اور صوبے کے سول آفیسرز نے بھی ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے مذمتی قرارداد منظور کرلی۔

دوسری جانب پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد خان نے جیو نیوز کے پروگرام 'جیو پاکستان' میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ احد چیمہ ایک بہترین افسر ہیں اگر نیب کی جانب سے چیف سیکرٹری کو لکھ کر بھیج دیا جاتا تو وہ خود پیش ہوجاتے، کوئی ایسا افسر ہوتا جس پر پہلے بھی کوئی سوال اٹھتا تو ہمیں کوئی ایشو نہ ہوتا، تاہم ان کی گرفتاری سے روزمرہ کا کام متاثر ہورہا ہے۔