باغ میں 2لاکھ 61ہزار پودے لگائے جائینگے،سردار میر اکبر

ریڑہ(نامہ نگار) آزاد کشمیر کے وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے ، انسانی بقا ء کے لئے اور زمینی کٹاؤ کو روکنے کے لئے شجر کاری اہمیت اختیار کر گئی ہے ۔زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر اس چیلنج کو قبول کیا جائے۔ہنگامی اور جارحانہ مہم کے طور پر شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ شجر کاری کے موقع پر ڈگری کالج ریڑہ آزاد کشمیر میں، چنار کا پودہ لگانے کے بعدایک بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جسمیں ضلع باغ کی ساری انتظامیہ اور محکمہ جنگلات کے ناظم سردار حمید مغل،ڈی ایف او سردار لطیف مغل،ڈی ایف او باغ سید طاہر علی شاہ،ڈی ایف او چوھدری ارشاد،جبکہ سول سوسائٹی میں سے سردار جنت حسین خان،سردار طارق مسعود خان ایڈوکیٹ،سردار مراد انور ایڈوکیٹ،سردار الطاف ناز،پرنسپل ادارہ ستردار شفیق سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان نے کہا کہ ضلع باغ میں دو لاکھ اکسٹھ ہزار پودے لگائے جائیں گے۔اور محکمہ جنگلات اس ہدف کو پورا کرے گا۔ شجر کاری مہم کو کالجز ، ہائی سکولزاور مڈل سکولوں تک اس مہم کو جاری و ساری رکھا جائے گا،انہوں نے کہا ہے کہ جنگلات ہمارا قومی سرمایہ ہیں،جنگلات کو کاٹنے کی بجائے ہمیں نئے درخت لگانے چاہئیں۔درخت لگانا ایک سنت عمل بھی ہے اور اس سارے عمل کو جاری و ساری رکھنے کے لئے شعور کی بیداری کے لئے ہم سب نے مل جل کر کام کرنا ہے تاکہ زمین کو کٹاؤ سے بھی روکا جا سکے اور انسانیت کی بقاء کے لئے بھی کام کیا جا سکے۔آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت آزاد کشمیر بھر میں شجر کاری اور اس کی پیوند کاری کے لئے کوشاں ہے،آزاد کشمیر کے جنگلات تیزی سے ختم ہوتے جا رہے ہیںجسکی وجہ سے برف باری اور بارشیں کم ہوتی جا رہی ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اپنی زمینوں میںزیادہ سے زیادہ درخت لگائیں تاکہ ان نئے چیلینجز کے ساتھ بخوبی نپٹا جا سکے۔اس موقع پر ناظم جنگلات سردار حمید مغل نے کہا کہ ضلع باغ میں عوام کی سہولت کے لئے درختوں کی فروخت کے لئے سیل پوائینٹ مقرر ہے جہاں سے عوام کو سستے داموں معیاری درخت مل سکتے ہیں۔اس موقع پر سردار میر اکبر خان نے کہا کہ محکمہ جنگلات کے اہلکاران شجر کاری کو کامیاب بنانے کے لئے عوام کو ساتھ لے کر مہم کو آگے چلائیں۔انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں ہم عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے ہر ممکن طور پر پورے کرنے کی کوشش کرینگے۔
