حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہو چکی،پرویز اشرف

برنالہ(تحصیل رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر چوہدری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے ۔ہوائی اعلانات کے ذریعے عوام کو ٹرخایا جا رہا ہے ۔ ٹیکنکل کرپشن کرنے میں حکومتی وزراء اور اہلکار ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی دوڑ میں ہیں ۔ ہمارے دور کے منصوبوں کے پیسے روکے گئے اور منصوبوں کو روک کر انتقامی کاروائی کی کوششیں کی گئیں ۔ عوام انتقامی کاروائیوں ، ہوائی اعلانات سے تنگ آ گئے ہیں ۔ ہم نے اپنے پانچ سالہ دور میں تاریخی منصوبے دیے جو آج بھی گرائونڈ پر موجود ہیں ۔ ہمارے منصوبوں کا کام کرپشن کے چکر میں روکنے کی کوشش کی گئی ۔ ایکٹ 74ء میں ترمیم کی رٹ لگانے والے پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات کو کیوں نافذ نہ کروا سکے ۔ فاروق حیدر حکومت کنفیوژن کا شکار ہے اور اپنے ہی لوگوں پر اعتماد سے قاصر ہے ۔ پیپلز پارٹی بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے کر اپنے امیدواروں کو کامیاب بنائے گی ۔ عوام پیپلز پارٹی کے دور حکومت کو یاد کر رہے ہیں جب ہر ایک کے لیے وزیر اعظم ، وزراء سمیت حکومتی دفاتر کھلے ہوتے تھے اور عوام کی دادرسی کی جاتی تھی ۔ اس وقت مہاراجہ کی باقیات کی باتیں کرنے والوں نے خود کو خول میں بند کیا ہوا ہے اور عوام کے لیے وزیر اعظم ہائوس اور وزراء کے گیٹ بند ہیں ۔ عوام کے مسائل کا حل پیپلز پارٹی کے پاس ہے ۔ آزاد کشمیر میں تعلیمی ادارے ، میڈکل کالجز ، یونیورسٹیاں ، سڑکیں ، پل ، گریٹر واٹر سپلائیز، نوجوانوں کو ہر ڈیپارٹمنٹ میں روزگار پیپلز پارٹی کے تاریخی کارنامے ہیں جنہیں موجودہ حکومت کے تعصب اور عندا کی آگ میں گرفتار لوگ توڑ نہیں سکتے ۔ میرٹ اور گڈ گورننس کے وعدے کرنے والوں کی ایک ایک داستان میرٹ اور گڈ گورننس کا جنازہ ہے ۔ میرٹ کے نام پر ایڈہاک ازم کے ذریعے اپنوں کو نوازنے کی کوششیں ہو رہی ہیں ۔ ہمارے دور کے گریٹر واٹر وسپلائی ، سڑکوں ، پل اور دیگر منصوبوں کو روکنے کی کوشش کی گئی تا کہ اس کا کریڈٹ پیپلز پارٹی کو نہ چلا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر چوہدری پرویز اشرف نے اپنے حلقہ میں گوجراں گڑھا میں معززیں علاقہ چوہدری ربنوا ز اورچوہدری رفیق کی جانب سے دیے گئے بڑے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنماء راجہ افضل خان ، سینئر نائب صدر پیپلز پارٹی تحصیل برنالہ ملک ریاست ، مالک بابو خان ، چوہدری قیوم آف ہیر نے بھی خطاب کیا ۔ چوہدری پرویز اشرف نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی مکمل تیاری ہے ہمارے امیدوار بھرپور قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور عوام کے مسائل کے حل کا ایجنڈ الے کر وہ کامیابی سے ہمکنار ہوں گے ۔ میری سیاست کا محور و مرکز میرے حلقہ کی عوام ، ان کے مسائل کا حل اور ان کے حقوق کا تحفظ ہے ۔عوامی حقوق کے تحفظ اور ان کی داد رسی کے لیے 24گھنٹے عوامی خدمت کے لیے موجود ہوں ۔ میرے دروازے وزرات کے دوران بھی اور اب بھی عوام کے لیے کھلے ہیں ۔ ہم عوامی لوگ ہیں اور پیپلز پارٹی کی شہید قیادت نے ہمیںعوامی مزاج سکھایا ہے ۔ چوہدری پرویز اشرف نے مزید کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں مستقبل پیپلز پارٹی کا ہے اور انشااللہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے پیپلز پارٹی بھرپور اقدامات اٹھائے گی ۔
پرویز اشرف
