ایس ایچ اونفسیاتی مریض ہے،طاقت کی رٹ نہیں مانتے:ضیاء قمر

باغ(محمودراتھرسے)سابق اُمیدوار قانون سازاسمبلی و چیئرمین پی وائی او آزاد کشمیر سردار ضیاء القمر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے خلاف بے بنیاد ایف آئی آردرج کرکے ہمیں بلیک میل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ گزشتہ روزرونماہونے والا واقعہ ایس ایچ اوباغ کی نااہلی کی وجہ سے ہوا ۔ ایس ایچ اوباغ نفسیاتی مریض ہیں ایسے شخص کو پبلک ڈیلنگ کی چیئرپر بیٹھنا قانوناً جرم ہے ۔ ایس ایچ اوباغ اس طرح لوگوں کو گالیاں دے رہا تھا جس طرح کوئی شخص نشے میں ہوتا ہے ۔ پیش آنے والے واقعہ پر اعلیٰ سطحی کمیشن بنایا جائے اور اس کی مکمل تحقیقات کی جائیں ہم نے کبھی مجرمان کی پشت پناہی نہیں کی انصاف کی رٹ کو مانتے ہیں طاقت کی رٹ کو نہیں مانتے 36گھنٹوں میں تحقیقات کرکے کاروائی نہ گئی تو پورے آزاد کشمیر میں احتجاج کی کال دیں گے حالات کی خرابی کی تمام ترذمہ داری وزیراعظم آزادکشمیر، آئی جی آزاد کشمیر اور مقتدر قوتیں تھانہ سٹی باغ کو ٹارچر سیل بننے کا نوٹس لیں ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز پیپلز سیکرٹریٹ باغ میں ایک ہنگامی پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پیپلز پارٹی ضلع باغ کے صدر سردار عبدالمجید ایڈووکیٹ ، سابق ایڈمنسٹریٹر ز سردار زاہد جبار عباسی، عامر خورشید گردیزی، سیّد نسیم شاہ، سردار یسیٰن بغدادی، سردار ناظم ایڈووکیٹ ، سیّد فاروق شاہ، سردار اعجاز بیگ، سردار عبدالقیوم چغتائی ، مشتاق کاظمی، سردار راشد تبسم ، سردار شاہ زمان خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔ سردار ضیاء القمر نے کہا کہ ہم نے کبھی مجرم اور نہ ہی جرم کی حمایت کی ہے سٹی تھانہ باغ میں ایس ایچ اوباغ کی غفلت کے باعث واقعہ رونما ہوا جو گاڑی تین سال سے سٹی تھانہ باغ میں کھڑی تھی وہ باہر کس نے دی باغ پولیس اپنی کمزوریاں چھپانے کے لئے شکایات لے کرآنے والے شہریوں پر آنسوگیس اور ڈنڈے برساکر مقبوضہ کشمیر کے اندر ہونے والے ظلم وستم باغ میں پیداکرنا چاہتی ہے ۔ تھانے میں انصاف کے لئے آنے والے شہریوں کو بے عزت کرکے نکال دیا جاتا ہے ۔ باغ پولیس نے آج تک چوری کی کتنی گاڑیاں پکڑی ہیں اور کتنی ریلیز کی گئی اس کا پورا ریکارڈ ذمہ داران کو طلب کرنا چاہیے چوری کی بعض گاڑیاں پولیس اہلکاران خود ڈرائیو کرتے ہیں ان کے لئے کوئی قانون نہیں ۔ جب ایس ایچ اوکی گفتگوسے لگا کہ ایس ایچ او نشے میں ہے تومیں نے ڈی ایس پی اور دیگر انسپکٹران کو کہا کہ پہلے ایس ایچ اوکا میڈیکل چیک اپ کروائیں جس پر ذمہ دار آفیسران نے کہا کہ ایس ایچ او نشہ نہیں کرتا بلکہ نفسیاتی مریض ہے ذمہ دار حلقے اس بات کا نوٹس لیں کہ نفسیاتی مریض ایک ذمہ دارپوسٹ پر کس نے بیٹھایا ہے انھوں نے کہا کہ ایس ایچ اوباغ اپنے ہی اہلکارکو گولی مارکر اس کو اپوزیشن کے کھاتے میں ڈالنا چاہتا تھا یہ واقعہ پوری پلاننگ سے رونما ہوا ذمہ دار قوتیں ایس ایچ او کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائیں اگر طاقت دکھانے کی کوشش کی گئی تواس کے خلاف پورے آزاد کشمیر میں لوگوں کو احتجاج کی کال دیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ میرے جانے سے قبل تھانے کی حدود میں آنسوگیس کی شیلنگ اور فائرنگ ہورہی تھی وہاں پر مختلف جماعتوں کے لوگ موجود تھے پولیس کسی کوبھی پکڑے تو ورثاء تھانے میں جاتے ہیں تاکہ وجوہات معلوم کرسکے تھانے میں جانے والے صحافیوں ، انجمن تاجران ، شہریان اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کرنا ریاستی دہشت گردی ہے ۔ سردار ضیاء القمر نے کہا کہ ہم قانون کا احترام کرتے ہیں مگر قانون کو کسی بھی اپنے ذاتی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے سکتے ہماری شرافت کمزوری نہ سمجھاجائے ۔ (فوٹو میل ہیں)