بھارتی مظالم پر عالمی خاموشی افسوسناک،اقوام متحدہ قراردادوں پر عملدرآمد کروئے،شاہ غلام قادر

اسلام گڑھ(نامہ نگار) قائم مقام صدر ریاست وسپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر اور ممبر اسمبلی چوہدری رخسار احمد نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کشمیر کے مسئلہ پر اپنی قراردادوں پر عملدرآمدکروائے کیونکہ مسئلہ کشمیر کا پر امن اور پائیدار بنیادوں پر حل اقوام متحدہ کی کشمیر قراردادوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے استصواب رائے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اقوام عالم کو بھی اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہیں۔پوٹھہ بینسی کے مقام پر کشمیر مارکی ہال کے افتتاح کے موقع پر اسلام گڑھ جرنلسٹ فورم کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت ایک دہشت گرد ملک ہے جو کنٹرول لائن کے نہتے عوام کو بھی جارحیت کا نشانہ بنا رہا ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت گری اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں مودی سرکار کی مجرمانہ ذہنیت کی عکاس ہیں۔ اس ضمن میں کشمیریوں پر مظالم کے حوالے سے عالمی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی اندوہناک مظالم کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ہر گز سرد نہیں کر سکتے۔ بھارت کو مسئلہ کشمیر طاقت کی بجائے مذاکرات سے حل کرنا پڑے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت ماورائے عدالت قتل اور کالے قوانین کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی سازش کررہاہے جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ بہادر کشمیری بھارتی فوج کی موجودگی سے بے خوف ہو کر سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے جام شہادت نوش کرتے ہیں اور کشمیر ی شہدا کو پاکستانی پرچم میں دفن کیا جاتا ہے۔
