کشمیر کونسل اور ایکٹ 74میں ترمیم عوام کیلئے تحفہ ہے،افتخار ایوب

دھیرکوٹ (راجہ انعام الحق خان) سابق امیدوار اسمبلی و مرکزی نائب صدر مسلم لیگ ن راجہ افتخار ایوب نے کہا ہے کہ کشمیر کونسل اور ایکٹ 74ء میں بنیادی ترمیم کیلئے راجہ فاروق حیدرکی کاوش پوری کشمیری قوم کیلئے ایک عزت اور اعزاز کا باعث ہے اور پاکستان ، آزادکشمیرمیں مسلم لیگ ن کی حکومتوں کی طرف سے کشمیری عوام کیلئے ایک بڑا تحفہ ہے ۔ آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کو اس کام میں راجہ فاروق حیدر خان کے ہاتھ مضبوط کرنے چاہیے،کشمیری لیڈرشپ یہ یاد رکھے کہ یہ سنہری موقع اگر ذاتی عناد اور سیاسی چپقلش میں ضائع ہوگیا تو عوام انہیں معاف نہیں کریگی۔ اور نہ ہی ساری زندگی یہ موقع میسر آئیگا، یہ راجہ فاروق حیدرخان جیسے نڈراور جرأتمند لیڈر کا طرہ امتیاز ہے کہ وہ کشمیری عوام کیلئے بڑے پیکیجز اور محفوظ مستقبل کیلئے کردار اداکررہے ہیں۔ اس ترمیم کے حصول میں کشمیری لیڈرشپ کا اتحاد و یکجہتی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائیگا اور اس کو عنادپرستی اور ذاتی چپلقش میں موقع کو گنوا دینا قوم کے ساتھ ظلم ہوگا۔ میاں نوازشریف کے خلاف عدالتی ریمانڈ ،سازشوں سے عوام پر یہ عیاں ہوچکاہے کہ میاں محمدنوازشریف کو ملک پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے نہ کردہ گناہوں کی سزا مل رہی ہے، 2018ء کے الیکشن میں ایک مرتبہ پھر میاں نوازشریف کے نظریے کی جیت ہوگی اور تعمیروترقی کا سلسلہ آگے بڑھے گا۔ دھرناسیاست نے ملک پاکستان کو دوہرائے پر لاکھڑاکردیاہے ، یہودی ایجنٹوں نے پاکستان کی ثقافت اور شناخت کو تبدیل کردیاہے، نوجوان نسل کو آگے بڑھنے کی بجائے ناچ گانے پر لگادیاگیاہے اور اسلامی روایات کے پرخچے اُڑائے جارہے ہیں۔ پاکستان کے عوام 2018ء کے الیکشن میںان کا محاسبہ کریں گے۔
