تعمیرنو منصوبوں کیلئے 39ارب روپے درکار ہیں:فاروق تبسم

مظفرآباد(وقائع نگار)زلزلہ کی قدرتی آفت کے بعد بحالی وتعمیرنو کیلئے بین الاقوامی معیار کے تجربہ کی حامل ٹیم ایرا ، سیرا اورڈی آریوز نے عالمی معیار کا تجربہ حاصل کیا ہے جس سے مستقبل کے چیلنجز کو مدنظررکھتے ہوئے مستفید ہونے کی ضرورت ہے ،قدرتی آفات کے نتیجہ میں جانی ومالی نقصانات کوکم کرنے کیلئے معیاری تعمیرات اورعوام میں آگاہی کیلئے موثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے ۔زلزلہ کے قدرتی سانحہ کو مواقع میں بدلنے کیلئے ایرا نے Build Back Betterکے تحت زلزلہ متاثرہ علاقوں میں جدید زلزلہ مزاحم عالمی معیار کی سہولیات تعلیم ،صحت سمیت دیگر شعبوں میں تعمیر کی ہیں ۔تعمیرنو منصوبہ جات کو مکمل کرنے کیلئے مزید 39ارب روپے درکار ہیں جبکہ گزشتہ دو سالوں میں وفاقی مالیاتی اداروں نے 1.5ارب روپے مختص کیے ہیں ،اگر بروقت فنڈز فراہم کیئے جائیں تو تعمیرنو پروگرام کی موجود ہ ٹیم اپنے تجربہ اورصلاحیتوں سے تمام منصوبہ جات کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچا سکتی ہے ۔ان خیالا ت کااظہار سردارمحمد فاروق تبسم سیکرٹری سیرا نے سول سروسز اکیڈمی لاہور میں زیرتربیت افسران کو دورہ مظفرآباد کے موقع پر تعمیر نو پروگرام کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا ، اس موقع پر ڈائریکٹر پلاننگ سیرا عابد غنی میر ،ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اکرام الحق ،ڈائریکٹر ایم اینڈ ای کامران وانی ،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز شمریز ملک ،راجہ طارق عزیز ،جاوید گنائی ودیگر افسران بھی موجود تھے ،سیکرٹری سیرا سردارمحمدفاروق تبسم نے وفد کو بتایا کہ آٹھ اکتوبر 2005ء کے زلزلہ کے قدرتی سانحہ نے آن واحد میںآزادکشمیر وخیبرپختونخواہ میں 76ہزار قیمتی انسانی جانوں سمیت سرکاری ونجی املاک کوملبے کے ڈھیر میں بدل دیا مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام ،حکومت پاکستان ،مسلح افواج پاکستان نے دل وجان سے قدرتی آفت سے دوچار متاثرہ لوگوں کی بھرپور مدد کی جس کی وجہ سے کسی بیماری اوربھوک کی وجہ سے مزید جانی نقصان نہیں ہوا ،حکومت پاکستان کی جانب سے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں بحالی وتعمیرنو کیلئے ایرا کا ادارہ قائم کرکے آزادکشمیر میں سیرا ،اورخیبر پختوانخواہ میں پیرا کے ا داروں کے ذریعے تعمیر نو کے لئے حکمت عملی مرتب کی جس پر عمل کرتے ہوئے آزادکشمیر کے زلزلہ ذدہ علاقوں میں تعلیم ،صحت ،گورننس ،رسل ورسائل ،ٹیلی کمیونیکیشن ،تحفظ ماحولیات سمیت بارہ سیکٹرز میں  کل 7835منصو بے ڈیزائن کیے جن میں سے  5393 منصوبے مکمل کرکے متعلقہ محکموں کے سپرد کردئیے ہیں جبکہ  1533منصوبوں پرتعمیراتی کام مختلف مراحل پر جاری ہے جبکہ حکومت پاکستان کے تعاون سے زیرتعمیر900منصوبہ جات پر فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث کام شروع نہیں ہوسکا ہے ،بریفنگ کے اختتام پر گروپ لیڈر سول سروسز اکیڈمی لاہور نے سیکرٹری سیرا سردارمحمدفاروق تبسم کو سوینئر پیش کیا۔