تنازع کشمیر کے حل کیلئے عالمی برادری بھارت پر دبائو مزید بڑھائے،مشتاق مہناس

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات راجہ مشتاق منہاس نے کہا ہے کہ کنٹر ول لائن پرہندوستان کی فوج کی جانب سے معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ،مسافر بس،سکول وین،چھوٹے بچوں،بزرگوں اور عورتوں کی ٹارگٹ کلنگ بدترین دہشت گردی ہے۔ہندوستانی افواج انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کی مرتکب ہورہی ہیں۔اقوام متحدہ سلامتی کونسل،یورپی یونین سمیت بااثر ممالک ہندوستانی افواج کی جانب سے معصوم شہریوں کے قتل عام پر فوری نوٹس لیںاور مودی سرکار کو ان اقدامات سے روکیں بصورت دیگر خطے میں امن کو لاحق خطرات میں خطر ناک حد تک اضافہ ہوجائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔راجہ مشتاق منہاس نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کنٹرول لائن کی دوسری جانب شہریوں اور مقامی آبادی پر فائرنگ نہیں کرتی ان کا نشانہ صرف اور صرف ہندوستان کی عسکری تنصیبات ہوتی ہیں جبکہ ہندوستان جان بوجھ کر شہریوں پر فائرنگ کرتا ہے اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ کنٹرول لائن کی دونوں اطراف بسنے والے کشمیری اور ورکنگ بائونڈری پر رہنے والے سارے ریاستی باشندے پاک فوج کو اپنی فوج اور اپنی آزادی کی محافظ سمجھتے ہیں جبکہ ہندوستان کو قابض اور جارح سمجھ کر مقبوضہ کشمیرکے اندر اس کے خلاف اپنی آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ کا ایک ہی حل ہے وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری ہے۔جس پر عملد رآمد کیلئے بین الاقوامی برادری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔