اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل بھارتی مظالم کا نوٹس لے، برجیس طاہر

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں بھارتی فوج کی جانب سے ایک نجی گاڑی پر فائرنگ کر کے متعددافراد کو شہید کرنے کے واقعے کی پرُزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے پرُتشدد کاروائیوں میں رو ز بروز اضافہ ہو رہا ہے ، مقبوضہ کشمیر کی گلیوں اور سڑکوں پر معصوم کشمیری نوجوانوں کا خون ظالمانہ طریقے سے بہایا جارہا ہے ۔ سال کے پہلے چند ماہ کے دوران اب تک درجنوں افرادکو شہید کر دیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ کہ بھارتی سرکار اور ظالم افواج آئے روز مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر نہتے کشمیری نوجوانوں ، بچوں اور بزرگوں کو شہید کررہے ہیں جس پر اقوام متحد ہ اور عالمی برادری کی خاموشی اُن کی بے حسی کو ظاہر کرتی ہے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری ایل او سی پرنہتے سول آبادی پر گولہ باری کا نوٹس لے ۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کو چاہیے کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی سوز مظالم فوری طور پربند کرے اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو اُن کا حق خود ارادیت دے۔انہوںنے کہاکہ بھارتی فوج کی یہ بزدالانہ حرکتیں کشمیری نوجوانوں اور حریت رہنمائوں کے جذبے اورمقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کو کمزور نہیں کر سکتے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر درحقیقت تقیسم ہند کا وہ نامکمل ایجنڈا ہے جس کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت حل ہونا ابھی باقی ہے ۔اُنہوںنے کہا کہ مسئلہ کشمیر آج بھی اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا حل طلب مسئلہ ہے جس کو عالمی برادری کو فوری طورپر حل کرنا چاہیے تاکہ جنوبی ایشیا ء کے خطے میں امن کو جو خطرات درپیش ہیں اُن کو فوری طور پر ختم کیا جاسکے۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے عالمی برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آخر بین الاقوامی برادری لاکھوں کشمیریوں کی شہادت او ر شدید ترین انسانی حقوق کی پامالی کے باوجود کس انسانی المیے کا انتظار کر رہی ہے کہ جب وہ اس درینہ مسئلے کے حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے گی۔اُنہوںنے کہاکہ بھارت پچھلے ستر سال کے تشدد کے باوجود کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان سے بے لوث وابستگی کا خاتمہ نہیں کر سکا اور پاکستان سے کشمیریوں کی محبت اور وابستگی کا یہ سلسلہ آج کشمیریوں کی تیسری نسل میں منتقل ہو چکا ہے جسے بھارت درجنوں کالے قوانین ،انسانیت سوز مظالم اور پیلٹ گن سے ختم نہیں کر سکتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ایل او سی کے اس پار پاکستانی و کشمیری عوام بھارتی جارحیت کا حوصلے اور پرُعزم طریقے سے مقابلہ کرتے رہیں گے اور کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔اُنہوںنے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی تمام تر حالات میں سیاسی ،سفارتی واخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور جلد مقبوضہ وادی میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔
