خواتین خود کو خاتون جنت کی سیرت کے مطابق ڈھالیں ،مشتاق مہناس

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات،سیاحت و آئی ٹی راجہ مشتاق منہاس نے کہا ہے کہ خواتین اپنے آپ کو خاتون جنت حضرت سیدہ فاطمتہ الزہرہ کی سیرت کے مطابق ڈھال لیں اسی میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔اسلام نے خواتین کی عزت و مرتبے میں بہت اضافہ کیا اور انہیں وہ مقام دیا جو کسی بھی دور میں ان کو حاصل نہیں تھا۔جس طرح تحریک پاکستان میں خواتین نے اہم کردار ادا کیا بعین اسی انداز میں کشمیری خواتین نے جدوجہد آزادی کشمیر میں لازوال کردار ادا کیا ہے اور مسلسل قربانیاں دے رہی ہیں۔کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خواتین کا کردار انتہائی اہم ہے۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار یوم خواتین پر تقریب سے خطاب میں کیا۔راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ جس طرح محترمہ فاطمہ جناح بانی پاکستان کے شانہ بشانہ رہیں اور تحریک آزادی میں فعال کردار ادا کیا وہ تمام خواتین کے لئے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی سے یونین جیک اتار کر سبز ہلالی پرچم لہرانے والی بھی ایک بہادر مسلم لیگی خاتون ہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ محترمہ رعنا لیاقت علی خان نے بھی انتہائی جاندار کردار ادا کیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ دین اسلام نے بھی خواتین کو جو عزت اور مقام دیا ہے اس کی نظیر دنیا بھر میں کہیں نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ ستر سال کے دوران کشمیری خواتین نے تحریک آزادی کشمیر میں جو لازوال اور بے مثال قربانیاں دی ہیں اس کی مثال دنیا کی کسی تحریک میں نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ فریدہ بہن جی کے شوہر قاسم فکتو گذشہ 25 سال سے بھارتی فوج کی حراست میں ہیں مگر اس نڈر خاتون کی عزم میں ذرا برابر لچک نہیں آئی وہ اب بھی سبز ہلالی پرچم لہراتی ہیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند۔کرتی ہیں۔انہوں نے اس موقع پر تحریک آزادی کشمیر میں اپنے والدین،بھائی، شوہر ،اور دیگر رشتے قربان کرنے والی خواتین کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر اطلاعات نے پاک فوج کے شہداء کی خواتین کو بھی انتہائی خراج عقیدت پیش کیا جن کے پیارے دھرتی ماں کی حفاظت اور سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کے لئے اپنی جانوں سے گزر گئے۔انہوں نے اس موقع پر عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کے دوران خواتین کو نشانہ بنانے کا نوٹس لے اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں روا رکھے جانے والے مظالم پر آنکھیں بند نہ کرے اور بھارت کو صنف نازک کے خلاف انسانی حقوق کی ان سنگ خلاف ورزیوں سے روکے۔اس موقع پر انہوں نے مسلم لیگ ن کی حکومت کی جانب سے خواتین کی ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا بھی ذ کر کیا اور کہا کہ خود میرے محکمے کی سیکرٹری بھی ایک خاتون محترمہ مدحت شہزاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم۔راجہ فاروق حیدر کا ویڑن ہے کہ مردو خواتین کو ملک کی ترقی میں مساوی مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ ملک و معاشرہ تیزی سے ترقی کرے۔انہوں نے کہا کہ براہ راست انتخابات میں مسلم لیگ ن کی امیدوار محترمہ نورین عارف نے کامیابی حاصل کہ جو اب وزیر حکومت ہیں۔راجہ مشتاق منہاس نے کہا کہ وویمن یونیورسٹی باغ کے لئے حکومت زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرے گی تاکہ اس اہم ترین طبقے کو ترقی کے تمام مواقع مہیا کئے جا سکیں۔
