خواتین نے ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے،مدحت شہزاد
مظفرآباد(وقائع نگار)آزادکشمیر کی سیکرٹری اطلاعات،آئی ٹی و سیاحت مدحت شہزادنے کہا ہے کہ خواتین نے ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔آئی ٹی کے شعبے میں حکومت گرلز کالجوں اور سکولوں کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ طالبات کو جدید ٹیکنالوجی سے مزین کیا جا سکے۔اطلاعات اور سیاحت میں ریکروٹمنٹ کے دوران خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔والدین لڑکیوں کی تعلیم پر بھی مساوی توجہ دیں۔سیکرٹری اطلاعات نے یہ بات خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوے کہی۔محترمہ مدحت شہزاد نے کہا کہ دین اسلام نے بھی خواتین کے مقام کو افضل رکھااور ہر رشتے میں اس کے تقدس کو اولین مقام دیا۔انہوں نے کہا کہ غزوات کے مواقعوں پر بھی ہمیں مسلم خواتین کا فعال کردار ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کہ ترقی میں عورت کا کردار انتہائی اہم ہے گھر میں اسے جو درجہ حاصل ہے وہ کسی کو بھی نہیں۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ والدین اپنی بیٹیوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور انہیں تعلیم و ہنر کے برابر کے مواقع فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہر شعبہ زندگی میں خواتین کہ ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے،آئی ٹی کے شعبے میں ہم گرلز کالجوں اور سکولوں میں آئی ٹی لیبز کے قیام پر فوکس کئے ہوے ہیں تاکہ ہماری بیٹیاں جدید ٹیکنالوجی سے بہرہ ور ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت خواتین ہر شعبہ زندگی میں اپنا مقام بنا رہیں وہ فوج میں بھی ہیں حتی کہ فائٹر پائلٹ تک بن چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خواتین کی شرکت ایک جدید ملک کی بنیاد ہے۔
