خواتین کو معاشرے میں عزت دلانا حکومت کی ترجیح ہے،نورین عارف

مظفرآباد(وقائع نگار)آزاد کشمیر کی وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں محترمہ نورین عارف نے کہا ہے کہ خواتین کو معاشرے میں عزت، تحفظ اور حقوق دلانا مسلم لیگ ن کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ مضبوط عورت ایک مضبوط نسل کی بنیاد ہوتی ہے ۔ خواتین کے حقوق کی لڑائی ہر فورم پر لڑتی رہوں گی ۔ اسلام نے خواتین کو جو حقوق دیے ہیں وہ دیگر کسی مذہب کو نہیں دئیے ۔ اسلام میں خواتین کو عزت و احترام حاصل ہے ہماری خواتین مغرب سے مغلوب نہ ہوں مغربی معاشرہ بے راہ روی کا شکار ہے جہاںخواتین کی عزت نہیں کی جاتی ۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلا ف برسر پیکار اپنے بہنوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جو تحریک آزادی کشمیر میں مردوں کے شانہ بشانہ قربانیاں دے رہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز عالمی یوم خواتین کے موقع پر محکمہ ترقی نسواں کی زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی محترمہ فائزہ امتیاز ، سیکرٹری اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد ، سیکرٹری سماجی بہبود و ترقی نسواں غلام بشیر مغل ، ڈائریکٹر محکمہ ترقی نسواں محترمہ قدسیہ بتول ، سمیرا قریشی ایڈووکیٹ ، ڈاکٹر ارم گیلانی ، روبینہ بشیر و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ جبکہ تقریب میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سماجی بہبود نے کہا کہ آزاد کشمیر کے معاشرہ میں خواتین کو خاص مقام حاصل ہے ۔ یہاں خواتین کو ملازمت حاصل کرنے کے مواقع دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جبکہ حکومت آزاد کشمیر خواتین کے کوٹہ میں اضافہ کیلئے بھی اقدامات عمل میں لارہی ہے ۔ اسی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی خواتین کو مناسب نمائندگی دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں وزیر ، ممبران اسمبلی،سیکرٹریز اور ججز خواتین ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خواتین اپنے حقوق کے ساتھ ساتھ اپنے فرائض کا بھی خیال رکھیں تاکہ معاشرے کی بہتری ہو سکے ۔ اس موقع پر ممبر قانون ساز اسمبلی فائزہ امتیاز نے کہا کہ خواتین کی معاشی ترقی کیلئے مضبوط منصوبہ بندی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔مردوں کی طرح خواتین کو بھی ہر حیثیت میں حقوق ملنے چاہیں اور انہیں کسی طرح بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ آج خواتین کے عالمی یوم کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو اپنے جوان لخت جگر آزادی کیلئے قربان کر رہی ہیں ۔ اس موقع پرسیکرٹری اطلاعات ، سیاحت و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد نے کہا کہ خود اعتمادی عورت کی سب سے بڑی کامیابی ہے ہمیں اپنے اقدار کے مطابق کام کر کے اپنالوہا منوانا ہے اور اسلام میں جو وقار عورت کو دیا ہے اسے قائم رکھنا ہے ۔ اسلام میں عورت کا مقام بہت بلند ہے جو حقوق عورت کو دین اسلام نے دیے ہیں وہ دنیا کے کسی مذہب میں موجود نہیں لیکن ضرورت اس بات کی ہے ان پر عمل کیا جائے ۔ اس موقع پر سیکرٹری سماجی بہبود غلام بشیر مغل نے کہا کہ موجود ہ حکومت نے عورتوں کی بہتری کیلئے کئی قوانین بنائے ہیں جن کی وجہ سے عورتیں اپنے آپ کو زیادہ محفوظ تصور کرتی ہیں ۔اس دن کا مقصد خواتین کو اپنے حقوق کے حوالے سے بااختیار بنا نا اور معاشی حقوق کیلئے ان میں جذبہ بیدار کرنا ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر محکمہ ترقی نسواں نے کہا کہ خواتین کو اپنے حقوق سے آگاہی دینی ضروری ہے تاکہ انکو اپنے حقوق اور فرائض سے آگاہی ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ترقی نسواں خواتین کو بااختیار بنانے اور انکے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ انہیں معاشرے میں جائز مقام دیا جا سکے ۔ تقریب کے آخر میں وزیر سماجی بہبود محترمہ نورین عارف نے مختلف مکتبہ فکر میں نمایاں کارکردگی دیکھانے والی خواتین کو شیلڈ دیں ۔ وزیر سماجی بہبود نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پروقار تقریب کے انعقاد پر ڈائریکٹر ترقی نسواں محترمہ قدسیہ بتول کی کاوشوں کو بھی سراہا ۔