کشمیری خواتین آزادی کی تحریک کا ہراول دستہ ہیں:مشعال ملک

راولپنڈی(نامہ نگار)پیس اینڈکلچرکی چیئرپرسن وحریت لیڈریاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ اسلام عورت کے حقوق کا علمبردارہے اورمقبوضہ کشمیرمیںہماری ماوں،بہنوں نے جوقربانیاں دی ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔یہ بات انھوں نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے راولپنڈی آرٹس کونسل کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار'خواتین اورمعاشرہ' کے عنوان سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مشعال ملک کا کہنا تھا کہ عورت مردوں کے شانہ بشانہ ملک ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسلام نے عورت کواعلیٰ مقام عطا کیا ہے اوران کے حقوق کا تحفظ ہر شخص کی ذمہ داری ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ وہ دن ہے جب خواتین اپنے سیاسی ،سماجی، معاشرتی اور مذہبی حقوق کی بات کرتی ہیں۔آج ان خواتین کی کاوشوں کوتسلیم کرنے کا دن ہے ۔مشعال ملک کا کہنا تھا کہ کشمیرمیں خواتین ہرطرح کی صعوبیتیں برداشت کررہی ہیں اوربھارتی افواج کے خلاف جدوجہد میں شریک ہیں۔وہ دنیا کی بہادرترین خواتین ہیں۔ناہیدمنظورکا کہنا تھا کہ پاکستان خواتین کو ہر طرح کے حقوق حاصل ہیں اوران کی خدمات کوہرسطح پرمانا جاتا ہے۔انھوں نے مزیدکہا کہ معاشی، سماجی ترقی اورخوشحالی میں عورت کا کلیدی کردارہے۔سیمینارمیں خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
