قابض فوجیوں میں خودکشی کا رجحان بڑھنے لگا،4روز میں3کی زندگی ختم

سرینگر(کے پی ائی )مقبوضہ جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں گذشتہ صبح ایک سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی ار پی ایف) جوان نے اپنے کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلاکر خودکشی کرلی۔ یہ وادی میں گذشتہ چار دنوں کے دوران سیکورٹی فورسز کی طرف سے خودکشی کا تیسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں گذشتہ روز دو فوجی اہلکاروں نے اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلاکر خودکشی کرلی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے رام منشی باغ علاقہ میں قائم ایف کمپنی 79 بٹالین سی ار پی ایف کیمپ میں تعینات پرکھا سکھ دیوساکنہ تلنگانہ نے ہفتہ کی کی علی الصبح اپنے کیمپ میں دوران ڈیوٹی اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلائی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ فوجی اہلکار کو بادامی باغ میں واقع 92 بیس اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ فوجی جوان نے خودکشی کا قدم کیوں اٹھایا۔ انہوں نے بتایا 'ہم نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے'۔ پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ قانونی اور طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد مہلوک فوجی اہلکار کی لاش اس کے ابائی گھر بھیجی جائے گی۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور ارٹ اف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود وادی میں تعینات سیکورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں ارہی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق سال 2009 سے اب تک قریب 1050 فوجی اہلکاروں نے خودکشی کی ہے۔