پیپلز پارٹی نے سینیٹ انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کر کے مستقبل کا سیاسی نقشہ واضح کر دیا ہے، سردار قمر الزمان خان

مظفرآباد (     صباح نیوز)پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے سینئر رہنما سابق اپوزیشن لیڈر سردار قمر الزمان خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سینیٹ انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کر کے مستقبل کا سیاسی نقشہ واضح کر دیا ہے ۔پیپلز پارٹی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے عام انتخابات میں بھی مرکز اور چاروں صوبوں میں واضح برتری حاصل کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن مکافات عمل کا شکار ہے ۔انہوں نے جو بویا آج وہ شکست کی صورت میں کات رہے ہیں ۔انہوں نے فیڈریشن کو مضبوط بنانے کیلئے سینیٹ کا چیئرمین بلوچستان سے منتخب کروایا ۔اس عمل سے بلوچی عوام کو ایک نیا حوصلہ ملا ہے جس کے پورے پاکستان پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔سردار قمر الزمان خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی ممبران سینیٹ اور چیئرمین سینٹ کے انتخاب میں سرخرو ہوئی ہے اور ان شاء اللہ عام انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی واضح اکثریت حاصل کر کے مرکز اور چاروں صوبوں میں حکومت تشکیل دے گی ۔سردار قمر الزمان خان نے نو منتخب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا مبارکباد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ اتحادیوں کے اعتماد پر پورا اتریں گے ۔