رائیونڈ ، دھماکہ میں شہید 5اہلکار سپرد خاک، 2سہولت کار گرفتار

 لاہور(صباح نیوز)گزشتہ روز لاہور کے علاقہ رائیونڈ میں پولیس چیک پوسٹ پر خود کش حملہ میں شہید ہونے والے پانچ پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز لاہور میں ادا کردی گئی گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ، وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف ،کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامرریاض،چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید، ڈی جی رینجرزپنجاب،لارڈ میئر لاہور کرنل(ر) محمد مبشر سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید پولیس اہلکاروں کو سلامی پیش کی گئی ۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید پولیس اہلکاروں کی نعشیں متعلقہ علاقوں کو بھیجوا دی گئیں۔دوسری طرف قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے رائیونڈ دھماکے کے مبینہ سہولت کار کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا جن کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔رائے ونڈ لاہور میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے تفتیشی اداروں نے اہم پیش رفت کی ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے خودکش حملے کے مبینہ سہولت کار کو اس کے ساتھی سمیت اندرون شہر سے گرفتار کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق ملزمان میں سے ایک کا تعلق سوات اور دوسرے کا افغانستان سے ہے جن کے قبضے سے اہم دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔ مبینہ سہولت کار نے خود کش حملہ آور کو جائے وقوعہ تک پہنچایا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خودکش حملہ آور کا ٹارگٹ پولیس افسران اور جوان تھے۔واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا ہے جس میں قتل، اقدام قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ سی ٹی ڈی کے مطابق خود کش حملہ آور تین ساتھیوں کے ساتھ جائے وقوعہ تک آیا، پولیس اہلکاروں نے روکا تو ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جبکہ باقی تین اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ دھماکے میں پانچ سے چھ کلو دھماکہ خیز مواد استعمال ہوا اور جائے وقوعہ سے اہم شواہد ملے ہیں۔ خود کش حملہ آور کے جسم کے نمونے اور دھماکہ خیز مواد فرانزک کیلئے بھجوا دیا گیا۔گزشتہ روز لاہور میں رائے ونڈ اجتماع گاہ کے باہر پولیس چوکی پر خود کش حملے میں 5 اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید ہوگئے تھے۔کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔