ہاڑی گہل، گریٹر واٹر سکیم پتراٹہ کا تخمینہ 18کروڑ تک جا پہنچا

ہاڑی گہل (نمائندہ کشمیر ٹوڈے) سیکرٹری ہائو سنگ و فزیکل پلاننگ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر خواجہ محمد احسن کا گریٹر واٹر سپلائی سکیم پتراٹہ کفل گڑھ کا معائنہ ، 18کروڑ روپے کی لاگت سے منصوبہ کے تعمیراتی کام جاری ، 2009ء میں شروع کیا جانے والا مفاد عامہ کا یہ منصوبہ تا حال مکمل نہ سکا ۔ ایک سال کی تکمیلی مدت پھیل پر آٹھ سال تک جا پہنچی جبکہ تخمینی لاگت 13کروڑ سے بڑھ کر18کروڑ تک جا پہنچی لیکن ''ہنوز دلی دور است ''سابق اُمیدوار اسمبلی راجہ عبدالحفیظ کفل گڑوی کی تحریک پر وزیر اطلاعات مشتاق منہاس نے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کی توجہ دلائی جس پر طویل تعطل کے بعد منصوبہ پر تیزی سے کام جاری ہوا ۔ منصوبہ تکمیل کے مراحلہ میں داخل ہو چکا ، منصوبہ کی تکمیل سے پچاس ہزار کی آبادی پینے کے صاف پانی سے مستفید ہو گی ۔ تکمیل کے بعد یہ منصوبہ محکمہ پبلک ہیلتھ باغ کے حوالے کیا جانا ہے لیکن شنید ہے کہ محکمہ پبلک ہیلتھ تکنیکی بنیادوں پر منصوبے کو ٹیک اور کرنے سے کترا رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں کیبنٹ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں وزیر اطلاعات مشتاق منہاس نے اس سنجیدہ معاملہ کو اٹھا جس پر وزیر اعظم نے سیکرٹری حکومت کو ہدایت کی کہ وہ از خود معائنہ کریں۔ سیکرٹری نے گزشتہ روز منصوبے کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری حکومت کے علاوہ راجہ عبدالحفیظ ، ایکسین پبلک ہیلتھ سردار محمد لطیف ، SDOخواجہ طاہر ، راجہ ندیم ، راجہ ماجد اور دیگر بھی موجود تھے ۔ سیکرٹری حکومت نے کہا کہ منصوبہ میونسپل کارپوریشن کی حدود میں ہوا تو محکمہ پبلک ہیلتھ باغ منصوبہ کو ٹیک اور کرئے گا ۔ واضح رہے کہ محکمہ پبلک ہیلتھ اس منصوبے کے ٹینڈر خود جاری کیے تھے جبکہ پے منٹ اور مانیٹرنگ بھی اس محکمہ نے کی ۔ موقع پر موجود عوامی حلقوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ منصوبہ پر 18کروڑ کی خطیر رقم خرچ ہوچکی ہے جو محکموں کی باہمی چپقلش سے ضائع نہیں ہونی چائیے۔
