مقبوضہ کشمیر: شہری ہلاکتوں کیخلاف احتجاج جاری، 6نوجوان گرفتار

سرینگر(اے این این )  مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں شہری ہلاکتوں کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری  ہے  جبکہ بھارتی فورسز  نے جیش محمد  میں  شمولیت کا الزام لگا کر3نوجوانوں کو حراست میں لیا ہے ،ٹنگمرگ اور کنڈی کے 2لاپتہ لڑکے باز یاب،ورثاء کے حوالے کر دئیے گئے،اونتی پورہ میں قابض فورسز کا بینک پر چھاپہ،کسٹمرز کی تلاشی،پانپورہ کا محاصرہ ،مختلف سرکاری عمارتوں کی تلاشی،کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر  کے علاقوں بالہامہ ،ہاکورہ اور ترال میں شہری ہلاکتوں کیخلاف  گزشتہ 18روز سے احتجاج اور ہڑتال کا سلسلہ جاری  ہے اس دوران لوگوں نے مختلف علاقوں میں احتجاج  کا سلسلہ جاری رکھا،ریلیاں نکالیں اور مظاہرے کئے ۔اس دوران بھارتی فورسز کیخلاف شدید نعرے بازی  بھی کی گئی تاہم کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔وادی کے مختلف علاقوں میں تعزیتی ہڑتال کے باعث کاروباری اور تجارتی مراکز بند رہے انٹر نیٹ اور موبائل سروس بھی معطل رہی۔اس دوران بھارتی فوج نے ترال میں 6نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے اور ان پر جیش محمد میں شامل ہونے کا الزام عائد کیا ہے ۔ان نوجوانوں پر لوگوں کو جہاد کی جانب مائل کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے  اور ان کے قبضے سے جہادی لیٹریچر برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔فورسز کے مطابق ترال قصبہ کے مختلف علاقوں سے فوج، پولیس اور سی آر پی ایف نے 6نوجوانوں کو جنگجوئوں کو مدد کرنے اور علاقے کے عام نوجوانوں کو عسکریت کی طرف مائل کرنے کی پاداش میں گرفتارکیا۔سو پولیس کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ اس گروہ کو بے نقاب کیا گیا اور گرفتار شدگان کی شناخت غلام نبی شاہ ولد غلام قادر ساکن گنگ ترال ، اشفاق سمیر شیخ ولد غلام نبی ساکن تکیہ گلاب باغ ، عرفان احمد میر ولد مشتاق احمد ساکن بٹہ گنڈ ، اعجاز احمد بٹ ولد عبدالسلام ساکن بٹہ گنڈ ، بشیر احمد شیخ ولد عمہ شیخ ساکن خان گنڈ اور جنید احمد بٹ ولد عبدالرشید ساکن نودل ترال کے بطور کی ۔واقعہ کے حوالے سے ایک کیس زیر نمبر 23/2018درج کیا گیا ہے ۔ادھر بارہمولہ پولیس نے دو لاپتہ لڑکوں کو باز یاب کرکے انہیں وارثین کے حوالے کیا۔18مارچ کوتھانہ پولیس ٹنگمرگ کوفاروق احمدقریشی ولدرشید احمد ساکن ماہاین ٹنگمرگ کی جانب سے تحریری درخواست موصول ہوئی تھی کہ اس کا بیٹا خلیل احمدقر یشی(عمر18 سال)اور اسکا بھتیجا طارق احمد فامدہ ولد مشتاق  احمد ساکن کنڈی نوگام بارہمولہ(عمر 18سال) 17مارچ سے لاپتہ ہیں ۔اس اطلاع کے موصول ہوتے ہی ٹنگمرگ پولیس نے گمشدگی رپورٹ درج کرکے لاپتہ لڑکوںکی تلاش شروع کی ۔ تھانہ پولیس ٹنگمرگ کی کوشش کی بدولت لاپتہ لڑکوں کوماگام سے باز یاب کرکے وارثین کے حوالے کیا۔دریں اثناء فورسزنے اونتی پورہ اور پانپور میں قائم دو الگ الگ بنک شاخوں پراچانک چھاپہ ڈال کر گاہکوں کی تلاشی لی تاہم دونوں مقامات سے تلاشی کے بعد فورسز خالی ہاتھ لوٹ آئے ۔ قصبہ اونتی پورہ میں سوموار دن کے گیارہ بجے کے قریب جموں کشمیر بنک کی شاخ کو اچانک محاصرے میں لیا گیاجس کے بعد فورسز نے بنک میں جمع گاہلکوں کوبنک سے باہر جانے کے لئے کہا اور بنک کے اندرونی کمروں کی تلاشی لی ۔ ادھر فورسز نے پانپورکے درنگ بل علاقے کو سوموار کے روز اچانک محاصرے میں لے کر نزدیکی عمارتوں اور کچھ سرکاری دفاتر ،جن میں پنجانب نیشنل بنک اور تحصیل آفس بھی شامل ہے، کی تلاشی لی ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ دونوں علاقوں میں فورسز کو کسی مشکوک حرکات کے بارے میں اطلاع ملی تھی ۔ تاہم دونوں مقامات سے کسی کی گرفتاری یا کوئی بھی قابل اعتراض چیز برآمد نہیں ہوئی۔