چکوٹھی جنازہ پر جانیوالی جیپ کھائی میں جاگری 9افراد جاں بحق 5زخمی

ہٹیاں بالا(محمد عارف کشمیری)کنٹرول لائن پر واقع گائوںشاہ کنجہ سے چکوٹھی جنازہ میں آنے والے افراد کی مسافر جیپ موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جاگری ، 9افراد جاں بحق ، پانچ زخمی ہوگئے ،علاقے کی فضاء سوگوار ہوگئی ، تفصیلات کے مطابق شاہ کنجہ سے چکوٹھی آنے والی جیپ نمبر QA9888 دکھن موڑ کے مقام پر بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری، جس سے نو افراد جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہوگئے ،مرنے والوں کے لاشیں موقع پر ہی ورثا کے حوالے کر دی گئیں ،زخمیوں کوآر ایچ سی چکوٹھی میں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال ہٹیاں بالا داخل کرا دیا گیا ،ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں دو بچے ایک مرد اور دو خواتین شامل ہیں حادثہ کی اطلاع ملتے ہیں اگلے مورچوں پر تعینات پاکستانی افواج کے جوانوں اور مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاروائیاں کرتے ہوئے مرنے والوں کے لاشیں اور زخمیوں کو جائے حادثہ سے نکال کر طبی امداد پہنچائی گئی ، ہسپتال زرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔مرنیوالوں میں خورشید ولد محمد شریف،ڈرائیور گلزار ولد سکندر ،حیدر خان ولد لطیف خان،اکبر حسین ولد غلام حسین،فہیدہ منظور دختر محمد منظور،ساجدہ خادم زوجہ محمد عمران، ممتاز ولد محمد رفیق ساکنان شاہ کنجہ بڑی بہک کھلانہ،محمد صدیق ولد جمال دین ،ساکنہ بالا بانڈی،بی بی جان دختر محمد اکبر ساکنہ کنڈری شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں ارسلان ولد محمد بشیر ساکنہ بالا بانڈی،فیاض ولد محمد رزاق کھلانہ ،آفتاب ولد لال حسین ،نذیر فاطمہ زوجہ جلیل شاہ ساکنہ شاہ کنجہ چھ ماہ کا آفیان ولد عمران ساکنہ شاہ کنجہ شامل ہیں ۔
دریں اثنا وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ضلع جہلم ویلی کے علاقہ کھلانہ میں جیپ حادثہ پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے اور زخمیوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم ازاد کشمیر نے ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سے حادثہ اورزخمیوں کو دی جانے والی طبی سہولیات سے متعلق مکمل رپورٹ طلب کی ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعظم نے مقامی انتظامیہ کوزخمیوں کو علاج معالجہ کی جملہ سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی ۔