آزادی کشمیر نوشتہ دیوار،بہت جلد قربانیاں رنگ لائینگی،راجہ فاروق حیدر

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فارو ق حیدرخان سے سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر، سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق، وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز ،وزیر صحت عامہ ڈاکٹر نجیب نقی خان اور وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی نے جموں وکشمیر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ایکٹ74میں ترامیم ،آمدہ بجٹ اور جاری میزانیہ اور جماعتی و حکومتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر سے ممبر ان اسمبلی چوہدری شہزاد محمود اور چوہدری جاوید اختر نے بھی ملاقاتیں کی ۔بعدازاں وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے مظفرآباد میں نیوسیکرٹریٹ چھترمیں فوری طورپر''یادگار شہدائے جموں وکشمیر'' تعمیر کیے جانے کا حکم دیدیا۔ اس سلسلہ میں محکمہ جات کو ہدایت کی گئی ہے کہ یادگارکی تعمیر کے حوالہ سے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ماہ کے اندر ڈیزائن اور دیگر امور پر وزیر اعظم سیکرٹریٹ کو بریفنگ کا اہتمام کیا جائے جبکہ فور ی طورپر سٹیٹ گیسٹ ہائوس مظفرآباد کی عمارت کے ایک ہال میں شہدا ء جموں وکشمیر کی تصاویر معہ مختصر تعارف اور تاریخی دستاویزات، اقوام متحدہ کی قراردادوں ، قراردادآزادکشمیر اور قرارداد الحاق پاکستان کو آیزاں کرنے کا اہتمام کیا جائے ، اس عمارت کو ایک مکمل کشمیر ریسورس اینڈ انفارمیشن سینٹر کے طور پر بنایا جائے تاکہ یہاں قیام کرنے کرنے والے مہمانوں کو تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہی ملے۔اسکا افتتاح اپریل کے پہلے عشرے میں کیا جائیگا۔ سٹیٹ گیسٹ ہائوس کے متصلہ کمیونٹی ہال کی عمارت جس کو قبل ازیں تحریک آزادی کشمیر کی تقاریب کے حوالہ سے مختص کیا گیا تھا کو ''شہداء گیلیری کے نام سے منسوب کیا جائیگا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی ہے کہ اس یادگار پر آزادکشمیر کے قومی ایام میں سلامی اور آزادکشمیر کا دورہ کرنے والی اہم شخصیات کی حاضری شیڈول میں شامل کی جائے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر وزراء کرام ، چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات کے ہمراہ اسی ہفتے خودیادگار کی تعمیرکیلئے جگہ کا انتخاب کرینگے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان ے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی قربانیوں کی یاد میں یہ یادگار کی تعمیر کی جارہی ہے ، بیس کیمپ کی حکومت کا اولین مقصد ہی تحریک آزادی کشمیر ہے اور ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کے حوالہ سے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر تحریک آزادی کیلئے جنہوں نے قربانیاں دیں ہم ان کو بھولے نہیں ، ان کا ایک ایک زخم یاد ہے ۔ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب یہ قربانیاں رنگ لائیں گی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جدوجہد تحریک آزادی جموں وکشمیر میں 1947سے آج تک تقریباً05لاکھ سے زائد شہید جانوں کی قربانیاں پیش کر چکے ہیں ۔ صرف1989سے اب تک ایک لاکھ شہداء نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں ۔ یہ شہداء ہمارے قومی ہیرو ہیں اور ان کی قربانیوں کو نہ صرف ہدیہ تبریک پیش کیا جانا ضروری ہے بلکہ نئی نسل تک منتقل کیا جانا بھی ضروری ہے ۔
