وزیراعظم کی برجیس طاہر سے ملاقات،آئینی ترامیم پر تفصیلی تبادلہ خیال

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)آزادجموں وکشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر  سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال کے علاوہ آزادکشمیر کے دیگر آئینی و معاشی معاملات اور جاری ترقیاتی منصوبے زیر غور آئے۔اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری پرُامن تحریک آزادی کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ غاصب بھارتی فوج کے سامنے نہتے کشمیریوں کا جذبہ و ہمت قابل قدر ہے اور کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی وجہ سے مقبوضہ کشمیرمیں جلد آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔ وفاقی وزیر اُمور کشمیر نے کہاکہ پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام بھارتی اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب ہوئے بغیر حق خودارادیت کے لیے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی ،سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر کے عوام بھارتی جارحیت کا بڑے حوصلے اور عزم سے مقابلہ کررہے ہیں اور اشتعال انگیزی کی آڑ میں بھارت کے تمام مذموم منصوبوں کو آزادکشمیر کے عوام اپنے عزم وہمت سے ناکام بنا دیں ملاقات میں آزادکشمیر کی سیاسی صورت حال کے علاوہ آزادکشمیر کے معاشی و آئینی معاملات بھی زیر غور آئے ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کے قائد محمدنوازشریف آزادکشمیرکی تعمیر و ترقی وخوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتے تھے اور یہی وجہ ہے کہ انہوںنے آزادکشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں یکمشت دوگنا اضافہ کیاجس سے آج آزادکشمیر کو ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے وافر وسائل دستیاب ہیں انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی محمدنوازشریف کے وژن کے عین مطابق آزادکشمیر میںترقی وخوشحالی کے لیے پرُعزم ہیں اور سی پیک اور پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کی مد میں بھی آزادکشمیر میں اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔اس موقع پر آزادکشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی وخوشحالی کے ضمن میں قائد مسلم لیگ(ن) محمدنوازشریف کے وژن کی تعریف کی اور کہا کہ آزادکشمیر کی معاشی ترقی و دیگر اصلاحات میں وفاقی حکومت کا تعاون قابل تحسین ہے جس سے پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام کے باہمی رشتے اور بھی مضبوط ہوں گے۔وزیر اعظم نے وفاقی وزیر اُمور کشمیر کا کشمیر کے ترقیاتی کاموں میں گہری دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔