بھارت میں کش لیتی ہتھنی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر مقبول

انسان تو اکثر سگریٹ یا حقے کا کش لگاتے نظر آتے ہی ہیں جنہیں دیکھ کر کبھی حیرانی نہیں ہوتی لیکن جب کوئی جانور کش لیتا دکھائی دے تو ماہرین بھی دنگ رہ جاتے ہیں۔

بھارت کی ریاست کرناٹکا کے ایک جنگل ناگرہول میں ایک ہتھنی کی ویڈیو نے ماہرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے، جسے کش لیتے دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ ویڈیو 2016 میں بھارت کے وائلڈ لائف کنزرویشن سوسائٹی کے سائنسدان ونے کمار نے ریکارڈ کی تھی جسے اب ریلیز کیا گیا ہے۔

ونے کمار نے یہ ویڈیو 2 سال بعد اس لیے جاری کی کیونکہ اُس وقت انہیں اس کی اہمیت کا اندازہ نہیں تھا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہتھنی جنگل میں لگی آگ بجھنے کے بعد وہاں پڑی راکھ کو اپنی سونڈ سے اُڑا رہی ہے، جسے دیکھ کر لگتا کہ وہ مزے سے کش لے رہی ہے۔

اس حوالے سے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ہاتھی راکھ کو دوا کے طور پر استعمال کرتے ہیں جس پر مزید تحقیق بھی جاری ہے۔

سائنس دانوں سمیت دیگر لوگوں کے لیے بھی یہ منظر بالکل نیا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئی ہے۔