جنڈ: دکھنی آئل فیلڈ اور سگھری/ رنگلی آئل فیلڈ کی قریبی آبادیاں گیس کی سہولیات سے محروم

اسلام آباد (صدیق فخر سے) معدنی دولت سے مالا مال تحصیل جنڈ پسماندگی میں اپنی مثال آپ، آئل فیلڈز سے نکلنے والی گیس سے دوسرے شہر مستفید ہونے لگے، جبکہ قریبی آبادیاں کئی سال گزرنے کے باوجود گیس کی سہولت سے محروم ، اہلیان علاقہ کا حکومت سے گیس فراہم کرنے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق تحصیل جنڈ جو معدنی دولت سے مالا مال تحصیل ہے جس کی دوفیلڈز دکھنی اور سگھری/ رنگلی سے معدنی ذخائر کی صورت میں حکومت خزانے میں جا رہے ہیں اور یہاں سے نکلنے و الی زہریلی گیسوں سے قریبی آبادیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ تحصیل جنڈ میں فصلوں کا انحصار بارشوں پر ہوتا ہے جبکہ گیس فیلڈز سے نکلنے والی زہریلی گیسوں کی وجہ سے بارشوں کا سلسلہ بھی کم ہوگیا جس کی وجہ سے زمیندار شدید متاثر ہوئے ہیں جبکہ زہریلی گیسوں کی وجہ سے وبائی امراض بھی پھیل رہے ہیں لیکن یہاں سے نکلنے والی گیس سے کئی سال گزرنے کے باوجود قریبی آبادیاں محروم ہیں ۔ اہلیان علاقہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قریبی آبادیوں کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہم کی جائے۔
