پاکستان کا بھارت کو سرپرائز: 2 جنگی طیارے مار گرائے، 2 پائلٹ گرفتار
اسلام آباد: پاکستانی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے 2 بھارتی طیارے مارے گرائے جب کہ ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ دفتر خارجہ اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بھارت کو جواب دینے کی تصدیق کردی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پاکستان ایئر فورس کے طیاروں نے لائن آف کنٹرول پر اپنی حدود میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں 2 بھارتی لڑاکا طیارے تباہ ہوگئے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک فضائیہ نے اپنی حدود میں کارروائی کی، ایک بھارتی طیارہ آزاد جموں کشمیر اور دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ پاک فضائیہ کے دستوں نے 2 بھارتی پائلٹ کو گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی لڑاکا طیاروں نے جموں کشمیر کے ضلع راجوڑی میں نوشہرہ سیکٹر کے قریب دو لڑاکا طیارے مار گرائے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق بھارتی لڑاکا طیارے میں سوار 2 پائلٹ ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستانی طیاروں پر فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔ پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد جموں اور لہہ ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے سویلین ایئر ٹریفک معطل کردی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹر کے مطابق بھارتی حکام نے تصدیق کی ہے کہ تین پاکستانی لڑاکا طیارے مقبوضہ کشمیر میں داخل ہوئے۔ یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان فضائی حدود کی خلاف ورزی پر گزشتہ روز ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ ہمارا جواب مختلف ہوگا، بھارت سرپرائز کا انتظار کرے۔
