گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول ملہوالی کے طلبہ اپنے سکول اور علاقے کا نام روشن کرنے کیلئے دن رات محنت کریں: چیئرمین یوسی ملہوالی ملک ریاض الدین
پنڈ ی گھیب(صدیق فخر سے) یونین کونسل ملہوالی کے چیئرمین ملک ریاض الدین اعوان نے کہا ہے کہ اساتذہ کرام کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مستقبل کے معمار طلبہ و طالبات کو موجودہ وقت کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار کریں، یہ بات انہوں نے گورنمنٹ بوائز ہائر سکینڈری سکول میں دسویں جماعت کے طلبہ کے اعزاز میں الوداعی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ملک ریاض الدین اعوان نے کہا ہے کہ طلبہ ہمارے مستقبل کا سرمایہ ہیں اور ہمارے ملک کی حفاظت کی بھاری ذمہ داری بھی آنے والی نوجوان نسل پر عائد ہوتی ہے انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے سکول، ادارے اور اپنے گائوں کا نام روشن کرنے کے لیےدن رات محنت کریں تاکہ آنے والے امتحانات میں وہ اچھے نمبروں سےکامیاب ہو سکیں۔انہوں نے کہا گورنمنٹ بوائز ہائر سکینڈری سکول ملہوالی کا شمار نہ صرف تحصیل پنڈی گھیب بلکہ ضلع بھر میں اہم تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے اور اس ادارے کی اپنی ایک شاندار تاریخ ہے اور ادارے کے اساتذہ کرام کی محنت ، کوشش اورخداداد صلاحیتوں کے باعث اس ادارے کو ضلع بھر میں ایک باوقار مقام حاصل ہے انہوں نے اساتذہ اور طلبہ کو یقین دلایا کہ ادارے کی بہتری اور ادارے کی تعمیرو ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اس ادارے کے تمام ضروریات کو مکمل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ تقریب سے گورنمنٹ بوائز ہائر سکینڈری سکول ملہواولی کے پرنسپل محمد اقبال نے خطاب کرتے ہوئے الوداعی تقریب کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے طلبہ کو مستقبل کا قومی سرمایہ قرار دیا اور کہا کہ اساتذہ طلبہ کی تعمیر و تربیت میں غافل نہیں اور والدین کے ساتھ ساتھ طلبہ کی تعمیر و تربیت میں اساتذہ پر بھی بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ ہمارے طلبہ نہ صرف اپنے علاقے میں بلکہ پورے ضلع میں اپنے علاقے اور سکول کا نام روشن کریں گے، اس موقع پرطلبہ نے بھی خطاب کیا ۔
