نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت

مانیٹرنگ ڈیسک
اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا طبی بنیادوں پر معطل کر کے ضمانت پر رہائی کی درخواست پر سماعت سپریم کورٹ میں جاری ہے۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نواز شریف کی درخواست پر سماعت کر رہا ہے۔ کمرہ عدالت نمبر ایک میں محدود نشستوں کے باعث خصوصی سیکیورٹی پاس جاری کیے گئے ہیں جہاں صرف وکلاء، درخواست گزار اور فریقین کو اندر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، حمزہ شہباز اور راجا ظفرالحق کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔ اس سے قبل نواز شریف نے لاہور ہائیکورٹ میں طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست دائر کی تھی جسے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مسترد کردیا تھا۔یاد رہے کہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کو احتساب عدالت نے 7 سال قید کی سزا سنائی تھی اور وہ یہ سزا لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں کاٹ رہے ہیں۔
