وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس

مانیٹرنگ ڈیسک
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، وزیر خزانہ، وزیر تعلیم، وزیر مملکت برائے داخلہ، سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری خارجہ اور ڈی جی آئی ایس پی آر بھی شریک ہوئے۔ ترجمان وزیراعظم نے بتایا کہ اجلاس میں سیکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں پیش رفت سمیت فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ وزیراعظم کو کالعدم تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈاون پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں بھارتی اشتعال انگیزی کے بعد کی صورت حال پر بھی غور کیا گیا جب کہ سیکریٹری خارجہ نے افغان امن مذاکرات کے معاملے پر بریفنگ دی اور اس دوران وزیراعظم کے بیان پر افغان حکام کے حالیہ ردعمل پر بھی غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے، افغانستان میں امن سے پورے خطے کا امن جڑا ہے، پاکستان افغانستان میں امن کے لیے مخلصانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔
