اٹک کامرہ روڈاسلم کالونی سےباپ بیٹی کی لاشیں برآمد
حسن ابدال:حسن ابدال تھانہ سٹی پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا۔قاتل گرفتار جبکہ اس کی نشاندہی پر باپ بیٹی کی لاشیں برآمد کر لی گئیں۔تفصیلات کے مطابق حسن ابدال منوں نگر کی رہائشی آسیہ بی بی زوجہ عاصم نے 21 اپریل کو تھانہ سٹی حسن ابدال میں اپنے خاوند آصف عرف عاصم کی گمشدگی کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اس کا خاوند آصف اپنے داماد ثقلین علی ولد محمد رفیق ساکن اٹک کو ملنے گیا مگر وہاں سے واپس نہیں لوٹا جس کی تلاش کے باوجود اس کے بارے میں کوئی معلومات نہ مل سکی۔جس پر تھانہ سٹی کے ایس ایچ او حامد کاظمی اور ان کے ٹیم نے جدید ذرائع استعمال کرتے ہوئے آصف عرف عاصم کی تلاش شروع کردی۔ دوران تفتیش کچھ شاید ملنے پر شک کی بناء پر امانت ولد صدیق کو گرفتار کرکے تفتیش کی گئی تو اس نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے آصف عرف عاصم اور اس کی بیٹی ردا کو پرانی دشمنی کی وجہ سے قتل کر دیا ہے اور دونوں کی لاشوں کو اپنی حویلی میں دفنا دیا ہے۔ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے اٹک میں ملزم کی حویلی میں کھدائی کر کے دونوں کی لاشیں برآمد کر لیں اور ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ ایس ایچ او سٹی حامد کاظمی کے مطابق مقتول کو پرانی دشمنی کی وجہ سے قتل کیا گیا ہے جبکہ قاتل کے ساتھ کچھ دیگر ساتھی بھی ملوث ہیں جن کے بارے میں تفتیش کی جارہی ہے اور بہت جلد انہیں بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔
