حضرو: بلدیاتی اداروں کی مدت پوری ہونی چاہیے تھی: عارف خان

حضرو: پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل حضرو کے سینئر نائب صدر عارف خان سرخیل اور انفارمیشن سیکرٹری میر بادشاہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام حکومت کو اپنی آئینی مدت پوری کرنے کا موقع دینا چاہیے جس سے بنیادی سطح پر جمہوریت پنپتی ہے اور عوامی نمائندوں پر لوگوں کا اعتماد بڑھتا ہے جس سے جمہوریت کی نرسری پروان چڑھتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیاکے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جمہوریت کی مضبوطی کیلئے قربانیاں عوام کے سامنے ہیں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے وطن عزیز میں عوامی نظام حکومت کو جلا بخشی اور ملک کو متفقہ آئین دیا جو آج بھی تاریخ کے اوراق میں روشن باب کی حثیت رکھتا ہے انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم پر ذمہ دار عہدیدار کی حثیت سے اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ حالیہ بلدیاتی اداروں کو اپنی آئینی مدت پوری کرنے کا موقع فراہم کرنا چاہیے تاکہ جمہوریت کے کرداروں کی خدمات و غیر خدمات عوام کے سامنے پیش کرنے کا موقع دیا جائے تاکہ کل کو کوئی اپنی کمزوری مدت پوری نہ ہونے کا واویلہ کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول نہ جھونک سکے ۔
