حضرو: ایل وی سکیم کے تحت ٹرانسفارمر پر تا حال تاریں نہ لگ سکیں
حضرو:موجودہ حکومت کی نااہلی اس سے بڑھ کر کیا ہو گی کہ تقریبا ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ایل وی سکیم کے تحت ٹرانسفارمر پر تا حال تاریں نہ لگ سکیں جبکہ ایک اور خراب ٹرانسفارمر دو سال بعد بھی تبدیل نہ ہو سکا جس کا لوڈ دوسرے ٹرانسفارمر پر منتقل کرنے سے نرتوپہ گاؤں میں بجلی کی کم وولٹیج اور دیگر مسائل درپیش آرہے ہیں جبکہ واپڈا افسران درخواستوں کے باوجود خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں ، ان خیالات کا اظہار سابق کونسلر یو سی نرتوپہ عمرفاروق خان اور اہلیان محلہ مغربی بانڈہ نے احتجاج کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ واپڈا میں آڈٹ بھی صرف غریب ورکر کا ہوتا ہے محکمہ کو آج تک یہ معلوم نہیں کہ محکمہ کی طرف سے فراہم کیا گیا ٹرانسفارمر اور تاروں سے لوگ مستفید ہو رہے ہیں یا پھر وہ بیچ کر واپڈا افسران مستفید ہو رہے ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کا کرپشن کا خاتمہ و تبدیلی کے دعوے بھی صرف نعرے ہی ثابت ہوئے کہ عوام کے مفاد کیلئے کم وولٹیج کی بنائی گئی سکیم صرف رشوت کی خاطر حیلے بہانے اور جلا ہوا ٹرانسفارمر دو سال سے نہ لگنا کرپشن کا بہانہ نظر آ رہی ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ورکروں کا خیال کرتی تھی لیکن موجودہ حکومت ورکروں کے مسائل کی طرف دیکھتی تک نہیں کیونکہ متعدد بار حکومتی نمائندوں کے سامنے یہ مسئلہ رکھا گیا اور ایس ڈی او غورغشتی کو اعلیٰ سرکاری شخصیات سے فون بھی کروائے گئے مگر ا یس ڈی او کی سیٹ پر سفارش سے براجمان لائن سپرنڈنٹ ملک ریاض ٹس سے مس نہیں ہوتا اور مختلف نا سمجھ میں آنے والے حیلے بہانے شروع کر دیتا ہے ، انہوں نے وفاقی وزیر پانی و بجلی اور متعلقہ حکام سے فوری اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔
