موجودہ حکومت ہر شعبہَ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے:شیخ آفتاب احمد

اٹک : مرکزی رہنما مسلم لیگ ( ن ) سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ہر شعبہَ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے مہنگائی آئے روز تیل کی قیمتوں اور اشیائے خوردو نوش میں بے تحاشا اضافہ عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کی کوشش ہے موجودہ حکومت نے اگر حالات کا ادراک نہ کیا تو ملکی حالات گھمبیر ہو سکتے ہیں اور مبادہ ایسا وقت آجائے کہ عوام بے روزگاری کے ہاتھوں تندوروں پر روٹیاں چھیننے کے لیے حملے کر دیں تبدیلی کا نعرہ لگا کر آنے والوں نے تبدیلی کی بجائے عوام کو مہنگائی ، بے روزگاری اور معیشت کی زبوں حالی جیسی تبدیلیاں کی ہیں جو ملک کے لیے خطر ناک ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان کی قیادت میں میڈیا کے وفد سے خصوصی ملاقات میں کیا ہے وفد میں بیورو چیف نیو نیوز ، روزنامہ نئی بات ، سر پرست اٹک پریس کلب رجسٹرڈ حاجی محمد فیضیاب خان، وائس چیئرمین حافظ عبدالحمید خان ، سرپرست اعلیٰ سینٹرل یونین آف جرنلسٹس پاکستان الحاج پرویز خان شامل تھے جبکہ اس موقع پر ضلعی صدر علماءکونسل حافظ محمد صدیق ، معروف تاجر رہنما شیخ محمد محمود ، سٹی صدر یوتھ ونگ مسلم لیگ ( ن ) شیخ عواد صفدر ، جنرل سیکرٹری تیمور شاہ ، تحصیل جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ( ن ) حسن ابدال عابد شہزاد ملک اور سابق کونسلر طارق ولیم بھی موجود تھے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ملکی معیشت تباہ ہوتی جا رہی ہے ہر دن گزشتہ سے بدتر حالات پیدا کر رہا ہے ادویات کی قیمتوں میں تاریخ ساز اضافہ ، بجلی ، گیس کے نرخوں میں اضافے پر کوئی پالیسی نہیں بنائی گئی پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ ڈال رہا ہے اور اسٹاک ایکسچینج, زرمبادلہ کے ذخائر روز بروز تنزلی کی طرف جا رہے ہیں ایسی صورتحال کی طرف سنجیدگی سے توجہ مبذول کرنے کے بجائے حکومت کو اس بات کی فکر لاحق ہو گئی ہے کہ مسلم لیگ ن میں تنظیم سازی کیوں ہو رہی ہے جھوٹی تبدیلی کے نعروں نے عوام کو جس مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے اس میں سے نکالنے کے لئے اب ان کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے یہ ذہنی طور پر ابھی تک کنٹینر پر ہی سوار ہیں اور وہی الزامات کی سیاست کر رہے ہیں جس کا آج تک وہ ثبوت قوم کے سامنے پیش نہیں کر سکے اگر محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کے خلاف کرپشن کے کوئی ثبوت عمران خان کے پاس ہیں تو اس کو قوم کے سامنے لائیں اور جس این آر او کا ذکر آپ کی ہر تقریر میں ہوتا ہے ان سب کے نام سامنے لائیں جنہوں نے آپ سے درخواست کی ہے یہ جھوٹی کہانیاں قوم کو سنانا چھوڑ دیں اور ملکی مسائل کی طرف سنجیدگی سے توجہ دیں۔