دمہ ایک خطرناک بیماری ہے جو جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہے : ڈاکٹر سہیل اعجاز

حسن ابدال:دمہ ایک خطرناک بیماری ہے جو جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہے عوام میں علاج اور احتیاط کے حوالے سے شعور کی بیداری کے لئے محکمہ ہیلتھ کوشش کر رہا ہے.۔ ان حالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو ہیلتھ اتھارٹی اٹک ڈاکٹر سہیل اعجاز اعوان کی زیر نگرانی دمہ کے عالمی دن کے موقع پر تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال حسن ابدال میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔سیمینار میں ایم ایس ڈاکٹر گلناز۔ڈاکٹر جمشید۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اٹک ڈاکٹر اسد اسماعیل۔ ڈاکٹر اسد عباس۔ ڈاکٹر راشد محمود۔ ڈاکٹر نعیم اور ڈاکٹر طاہر الرحمن کے علاوہ لیڈی ڈاکٹرز اور محکمہ ہیلتھ کے دیگر عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دمہ الرجی ہے جو ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ یہ ایک قابل علاج مرض ہے مگر اس کا بروقت علاج نہ کرایا  جائے تو یہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرض سے بچاؤ کے لیے ماحولیاتی  آلودگی کو کم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں جبکہ وزن کم کرنا اور چکناہٹ والی اشیاء سمیت سیگریٹ نوشی سے پرہیز دمہ کے مریض کے لیے انتہائی ضروری ہے۔مقررین نے کہا کہ اس مرض میں سانس کی نالیاں تنگ ہونے سے مریض کے لیے سانس لینا مشکل ہو جاتا ہے لیکن اس کا بروقت علاج کرا کے انسانی جان بچائی جاسکتی ہے۔ اس موقع پر ایک واک کا اہتمام بھی کیا گیا جس کے شرکائنے دمہ کے مرض کے حوالے سے آگاہی دینے والے پمفلیٹ اور بینر اٹھا رکھے تھے۔