ناموس رسالت کیلئےکسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے:جمعیت علماء اسلام

حسن ا بدال:ناموس رسالت و مدارس کے تحفظ کے لیے جمعیت علماء اسلام کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ۔موجودہ حکومت نے غریب عوام کو ریلیف دینے کی بجائے پریشانیوں اور عذاب میں مبتلا کر دیا ہے ۔رمضان آرڈیننس کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور مہنگائی کا جن کھول دیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام ضلع لیہ کے امیر قاری محمد رمضان رحیمی نے حسن ابدال کے دورے کے موقع پرمیڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے دین کی سربلندی کے لیے ہر دور میںبرگزیدہ علماء اور رجال خیر کو پیدا کیا ہے اور قیامت تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہر شعبے میں دین کی حفاطت کریں گے ،سیکولر اور لبرل قوتوں کے لیے کوئی میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکمران اور سیکولر قوتیں دینی مدارس کی خود مختاری ختم کرنے کے درپے ہیں ،جبکہ اسلام کی بقاء دینی مدارس کے تحفظ میں مضمر ہے ۔دین سے بے خبر اور جاہل لوگ مدارس کی کردار کشی کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام اور دینی حلقے کبھی بھی ملک کے خلاف سازش کا حصہ نہیں بنے ہیں لیکن پھر بھی دینی طبقے کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ناموس رسالت کے قوانین میں تبدیلی کی ناپاک کوششوں ، بیرونی قوتوں کی ایماء پر آسیہ مسیح کی رہائی سے لیکر بیرون ملک روانگی تک کے حکومتی اقدامات ،قادیانیت نوازی، علماء کرام کی ٹارگٹ کلنگ اور مزارات اولیاء پر بم دھماکوں جیسے واقعات پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے انہوں نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے بالخصوص پنجاب میں رمضان آرڈیننس کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے جھوٹے دعوے بے نقاب ہو گئے ہیں ۔رمضان بازاروں میںغیر معیاری اشیائے خوردو نوش کی فروخت اور بے پناہ مہنگائی نے عوام کا جینادوبھر کر دیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جتنا جلدی ہو سکے اس نااہل حکومت سے اب چھٹکارا حاصل کرناضروری ہو گیا ہے ۔ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی کال پر جس طرح پورے ملک میں ناموس رسالت ملین مارچ منعقد ہو رہے ہیں اور لاکھوں کی تعداد میں شمع رسالت کے پروانے قوانین ختم نبوت کے تحفظ کی خاطردیوانہ وار شرکت کر کے حکومت وقت کے خلاف عدم اعتماد کا ظہار کر چکے ہیں ،اسی طرح رمضان المبارک کے بعد اسلام آباد کا رخ کیا جائے گا اور اس حکومت کے تابوت میں آخری کیل ٹھوک دی جائے گی ۔
