حکومت کی ناقص پالیسیاں سے مہنگائی میں اضافہ ہوا: شیخ آفتاب احمد 

اٹک :مرکزی رہنما ء مسلم لیگ (ن) سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ایک اسلامی معاشرہ ہے اور اس اسلامی معاشرہ میں بھی چیخ و پکار کسی کو سنائی نہیں دیتی تو اس پر افسوس ہی کیا جا سکتا ہے ،سوشل میڈیا پر لوگوں کی چیخ و پکار سنتے ہیں تو گھنٹوں اس صدمے کا شکار رہتے ہیں، مہنگائی اور دیگر معاشرتی مسائل پر عوام جس طرح صدائے احتجاج بلند کر رہے ہوتے ہیں تاہم شام کو ٹی وی پر ٹاک شوز کے دوران حکومتی نمائندے جس طرح پاکستان میں دودھ اور شہد کی نہریں بہنے اور ایک کروڑ ملازمتوں سمیت دیگر پر فریب باتیں بیان کرتے ہیں تو وہ حیران رہ جاتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی سیکرٹریٹ مسلم لیگ (ن) اٹک کینٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) اٹک محمد سلیم شہزاد، سٹی صدر مسلم لیگ(ن) اٹک شیخ محمود الہٰی اور دیگر بھی موجود تھے، سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے نبیؐؐ  کی امت پر احسان کرتے ہوئے ماہ رمضان المبارک کا نزول فرمایا اس ماہ میں اپنی سچی اور زندہ جاوید کتاب ’’قرآن پاک‘‘ کو بھی نازل فرمایا یہ رمضان المبارک اس قوم اور امت مسلمہ کیلئے رحمت اور برکت کا باعث ثابت ہو ،پاکستان میں میڈیا پر عملاً مارشل لاء نافذ ہے اور نادیدہ قوتیں قوم کو اصل حقائق سے آگاہ کرنے کے سلسلہ میں بڑی رکاوٹ ہیں، میڈیا جو معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتا ہے، پاکستان جیسے جمہوری ملک میں اپنا کردار اس طرح ادا کرنے سے قاصر ہے، تاہم سوشل میڈیا کے ذریعے عوام تک درست معلومات کی رسائی ممکن ہو رہی ہے، انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان جس گھمبیر صورتحال سے گزر رہا ہے اسے دیکھ کر بعض اوقات ان کے پائوں تلے سے زمین نکل جاتی ہے۔، انہوں نے اپنی زندگی میں بہت سے مارشل لاء اور سیاسی حکومتوں کے ادوار دیکھے ہیں تاہم موجودہ دور میں جس طرح عوام کی چیخیں نکال دی گئی ہیں اس کی نظیر پاکستان کی 72 سالہ تاریخ میں نہیں ملتی، ایک کروڑ نوکریاں، 50 لاکھ گھر دینے کے وعدوں کی تکمیل پوری ہوتی نظر نہیں آتی ہے، سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی 50 فیصد سے زائد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے، 11 لاکھ افراد کو موجودہ دور میں بے روز گار کر دیا گیا ہے، آج ریوینو بڑھانے کی باتوں پر خوشیاں منانے والے یہ بتائیں کہ یہ رقم وہ ہے جو 500 کے بل سے بڑھا کر اس میں 6 گنا اضافہ کر کے 3 ہزار روپے کر دی گئی ہے، لوگوں پر بلا جواز ٹیکس لگانا کہاں کی کامیاب حکومت کا وطیرہ ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے اور انہیں خدشہ ہے کہ کہیں ایسٹ انڈین کی طرح 200 سال تک انگریزوں کا غلام بن کر رہا ، ہم آئی ایم ایف کے چکر میں پھنس کر اپنی سا  لمیت کو دائو پر نہ لگا دیں پچھلی حکومت پر تنقید کرنے والے تحریک انصاف کے وزراء بتائیں کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں بجلی کے ریٹ میں اور آج کے ریٹوں میں 6 گنا اضافہ کیوں ہوا؟ لیموں 400 روپے کلو کیوں ہوا؟، شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف کو امریکہ سے آنے والی پانامہ کی لسٹ پر عدالت نے نہ اہل قرار دے دیا ،قوم ہمارے کہنے پر نہیں اپنے دکھوں کو لے کر گلی بازاروں میں نکل کھڑی ہو گی، راولپنڈی کے راجہ بازار، پشاور کے قصہ خوانی بازار، لاہور کے انارکلی بازار سمیت ملک بھر میں کسی بھی تجارتی مرکز کا دورہ کر کے دیکھ لیں تاجر ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھا ہے، آخر میں انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ پر بینک سالانہ 18 لاکھ روپے سود لے رہے ہیں جو ظلم کی انتہا ہے، ڈالر اور ریال آسمانوں سے باتیں کر رہے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی 22 سالوں کی جدو جہد میں عوام کو سوائے گالیوں کے اور کچھ نہیں ملا ہے۔