شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی سربراہان کونسل کا اجلاس

بشکیک: کرغزستان کی میزبانی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی سربراہان کونسل کا اجلاس شروع ہوگیا جس میں 8 رکن ممالک کے سربراہان حکومت و مملکت شریک ہیں۔  وزیراعظم عمران خان سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں اور وہ کانفرنس ہال پہنچے تو کرغزستان کے صدر نے اُن کا استقبال کیا۔ پاکستان کے علاوہ روس، چین، بھارت، کرغزستان، تاجکستان، قازقستان اور ازبکستان کے سربراہان شریک ہیں جب کہ اجلاس سے قبل سربراہان مملکت کا گروپ فوٹو سیشن بھی ہوا۔ وزیراعظم عمران خان ایس سی او سمٹ اوپن فورم سے خطاب کریں گے اور مقامی وقت کے مطابق 2 بجے ایس سی او اجلاس کے متفقہ اعلامیے پر دستخط کیے جائیں گے۔ سمٹ سے قبل وزیراعظم عمران خان اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ سمٹ کے شرکاء کے اعزاز میں کرغزستان کے صدر سوروونیے شریپوویچ کی جانب سے ظہرانہ دیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ظہرانے کے بعد ملاقات کریں۔ وزیراعظم عمران خان سائیڈ لائن پر بیلا روس کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے جس کے بعد وزیراعظم عمران پاکستان کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔