قومی اسمبلی اجلاس: اپوزیشن کا گرفتار اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں کی جانب سے ایک مرتبہ پھر گرفتار اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ آصف زرداری، خواجہ سعد رفیق، محسن داوڑ اور علی وزیر ہزاروں ووٹ لے کر اسمبلی میں آئے اور بجٹ کے انتہائی اہم سیشن میں انہیں اپنے علاقوں کی نمائندگی کرنی چاہیے۔ شہباز شریف نے کہا کہ اسپیکر کے کندھوں پر بڑی ذمے داری ہے کہ گرفتار ارکان کو ایوان میں لائیں، امید ہے اسپیکر ان ارکان کو ایوان میں لائیں گے۔ اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے، بجٹ سیشن اہم ہے اور ایک ہفتے سے چل رہا ہے لیکن ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے جارہے، موجودہ صورتحال جمہوریت اور ایوان کی توہین ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسپیکر اسمبلی کا اپنی کرسی اور عہدے سے وعدہ پورا نہیں ہورہا، آصف زرداری اور دیگر کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔
