ناڑہ: میلے اور کھیل ہماری ثقافت کا حصہ ہیں:میجر طاہر صادق

جنڈ :میلے اور مختلف کھیل اٹک کی ہزاروں سال پرانی قدیم ثقافت کے آئینہ دار ہیں آج بھی دیہی علاقوں میں بیل دوڑ ، نیزہ بازی ، علاقائی ثقافتی ، کھیل اور میلے لوگوں کی دلچسپی کا محور ہیں ان کی بھرپور سرپرستی کی جائے گی ان خیالات کا اظہار ضلع اٹک کے سب سے بڑے سیاسی میجر گروپ کے سربراہ رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق نے جنڈ کے گائوں ناڑہ میں بیل دوڑ کے بڑے مقابلہ کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق چیئرمین یونین کونسل کھنڈہ ملک غلام حسین ، سابق چیئرمین یونین کونسل خان وزیر خٹک اور دیگر موجود تھے بیل دوڑ کو دیکھنے کیلئے ہزاروں افراد نہ صرف اٹک بلکہ پڑوسی اضلاع سے بھی آئے ہوئے تھے بیل دوڑ میں درجنوں خوبصورت اور قیمتی بیلوں کی جوڑیوں نے حصہ لیا بیل دوڑ اٹک کی قدیم ثقافت کا حصہ ہے اور ضلع بھر میں بیل دوڑ کے کسی بھی مقابلہ میں 20 ہزار سے کم تماشائی شریک نہیں ہوتے اور یہاں بیل دوڑ ہو وہاں مختلف کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹال بھی لگ جاتے ہیں رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دور نظامت میں 2004 میں اٹک کی 100 سالہ تقریبات منعقد کیں جس میں علاقائی کھیل جس میں بیل دوڑ بھی شامل ہے کا انعقاد کیا ان کی صاحبزادی سابق چیئر پرسن ضلع کونسل ایمان طاہر نے بھی بطور چیئر پرسن ضلع کونسل اٹک فیسٹیول کی تقریبات منعقد کیں پورے پنجاب میں سیکورٹی رسک کی بنیاد پر تقریبات ملتوی کی گئیں تاہم اٹک میں انہوں نے ان تقریبات کا انعقاد کر کے ضلع بھر کے عوام کو مفت اور سالوں تک یاد رکھی جانے والی یادگار تقریبات منعقد کر کے شہریوں کو تفریح کے مواقع فراہم کیے اور آئندہ بھی ان تقریبات کی بھر پور سرپرستی کی جائے گی کیونکہ ان تقریبات کے سبب علاقہ میں اچھے بیل ، گائے ، بھینس ، بھیڑ ، بکریاں ، دمبے ، گھوڑے اور دیگر صحت مند جانور پالنے کا رواج فروغ پاتا ہے اٹک ضلع کے عوام نے ان پر جو اعتماد کیا ہے انشاء اللہ عوام کی توقعات کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی اٹک قدرتی وسائل سے مالا مال ضلع ہے اور اٹک کو اس کا حق دلانے کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی ۔
