عوامی مسائل حل کرنے کیلئے پر عزم ہیں:اے سی جنڈ مہر عنصر حیات 

جنڈ(جلیل ملک +اٹک نیوزمانیٹرنگ ڈیسک) اسسٹنٹ کمشنر جنڈ مہر عنصر حیات نے کہا ہے کہ تحصیل انتظامیہ عوامی مسائل حل کرنے کے لئے پر عزم ہے اس ضمن میں مختلف محکموں کی سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ عوام کو سماجی شعبوں میں خاطر خواہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے اور دفتر میں آئے لوگوں کے مسائل سنتے ہوئے کہی۔تحصیلدار جنڈ خالد مسعود ستی بھی اس موقع پر موجود تھے۔اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف نوعیت کی شکایات پر مبنی لوگوں کی درخواستیں وصول کیں اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ان کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کئے۔انہوں نے بعض علاقوں میں سیوریج کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں متعلقہ محکمے کو فوری کاروائی کرنے کی تاکید کی۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے اور سرکاری جگہوں پر غیر قانونی قبضوں کو قبضہ مافیا سے خالی کرانے کا عمل بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ جنڈ شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے جامع منصوبہ بندی کے سلسلے میں اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ صفائی کے نظام کا دائرہ مزید وسیع کرنے،کوڑا کرکٹ کو فوری اٹھانے کے کام میں بہتری لائی جارہی ھے۔اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف افسران کو ہدایات جاری کیں کہ مون سون کی متوقع بارشوں کے باعث شہر بھر میں شہری سہولتوں میں تعطل نہیں آنا چاہیے اور شہر کی صفائی ستھرائی وبارشی پانی کے فوری اخراج سے ماحول کو خوشگوار رکھا جائے۔