مہنگائی کی ستائی عوام دکھوں اور تکالیف کا مداوا کرنے کیلئے باہر نکلے گی:شیخ آفتاب 

اٹک: مرکزی رہنما مسلم لیگ ن سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ میاں نواز شریف نے گزشتہ روز عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ایک بار پھر ووٹ کو عزت دو کے موقف کو دوہرا کر کارکنوں کے حوصلے بلند کر دیئے ہیں 

 ان کی گفتگو کے ساتھ ہی تمام تر پروپیگنڈے بھی دم توڑ گئے ہیں۔مولانا فضل الرحمٰن کے دھرنے کے حوالے سے بھی واضح پیغام سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے. مہنگائی کی ستائی عوام اپنے دکھوں اور تکالیف کا مداوا کرنے کے لئے باہر نکلیں گے. حکومت اپنی نااہلی اور نالائقی کا سارا الزام سابقہ حکومتوں پر ڈالتے ہوئے چودہ ماہ سے عوام کو لولی پاپ دے رہی ہے لیکن اب عوام عملی طور پر تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں زبانی جمع خرچ سن سن کر لوگوں کی قوت برداشت ختم ہو چکی ہے اسی لئے لوگ اس دھرنے میں بھرپور شرکت کریں گے اور بے چینی سے ستائیس اکتوبر کا انتظار کر رہے ہیں

 انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے دورہ چین میں کہا کہ آپ نے چار سو پکڑے ہیں ہم پانچ سو پکڑیں گے کاش وہ یہ بیان دیتے کہ ہم پاکستان کو چین جتنا ترقی یافتہ بنائیں گے. لیکن سوچ کا فرق ہوتا ہے اور یہی سوچ کا فرق تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے بغیر فوج اور اسٹیبلشمنٹ کے ہندوؤں کی سازشوں کے باوجود انگریزوں سے پاکستان حاصل کر لیا تھا. انہوں نے کہا کہ چودہ ماہ کے بعد بھی حکومت رویے میں سنجیدگی نظر نہیں آتی. ٹاک شوز میں وزراء کی گفتگو سے بہتر گفتگو چرواہا اور ریڑھی بان کرتے ہیں. ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام پر ان کی حقیقت کھولتی جا رہی ہے وزیر داخلہ کا بیان کرپشن کے جھوٹے الزامات اور الیکشن کے نتائج پر سے پردہ اٹھانے کے لئے کافی ہے.