موجودہ حکومت نے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا، شیخ آفتاب احمد 

 ہر روز ملک و قوم کو ایک نئے امتحان میں ڈال کر پھر بھی سب اچھا کی رپورٹ پیش کرتے ہیں

اٹک :مرکزی رہنما مسلم لیگ ( ن ) سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت سے خیر کی توقع ممکن نہیں ، کوئی بھی ایسا شعبہَ نہیں جس میں عوام کیلئے ریلیف دیا گیا ہو ، ہر روز ملک و قوم کو ایک نئے امتحان میں ڈال کر پھر بھی سب اچھا کی رپورٹ پیش کرتے ہیں لیکن یاد رکھیں ظلم کی حکومت زیادہ عرصہ نہیں چل سکتی اور حکمرانوں نے عوام پر 14 ماہ میں جو ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی میں نے اٹک کے لوگوں سے یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کا وعدہ کیا لیکن انتہائی افسوس کا مقام ہے موجودہ حکومت نے علم دوست پالیسی کے بجائے اس پر بھی سیاست کی اور پہلے میڈیکل کالج کا منصوبہ کینسل کردیا پھر زرعی یونیورسٹی اٹک کیمپس کو راولپنڈی منتقل کر دیا گیا جس سے سینکڑوں طلبہ سخت پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں جبکہ والدین کیلئے مشکلات میں ایک نئے اضافہ کا باعث ہے تبدیلی کے نام پر آنے والی حکومت نے یونیورسٹیز کے بجٹ میں کمی کر کے انہیں ڈونیشن کیلئے ہدایت دی گئی جبکہ مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت میں وزیر اعظم فنڈ سے طلبہ کیلئے وظائف مقرر تھے جس سے ہزاروں طالب علم مستفید ہو رہے تھے ۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے عوام سے جو جو وعدے کئے وہ سب پورے کئے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج ہمارا ضمیر مطمئن ہے ہم نے سرکاری دفاتر کو عوامی خدمت کے مراکز میں تبدیل کر دیا تھا جہاں پر آنے والے ہر سائل کے مسئلے پر فوری احکامات جاری ہوتے تھے اور لوگوں کی پریشانیوں کا ازالہ کیا جاتا تھا شہید کرنل شجاع خانزادہ اور بعد میں جہانگیر خانزادہ کے ساتھ مل کر ہم نے حضرو کے دیہاتوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا سوئی گیس ، بجلی ، پانی ، سڑکیں اور ہسپتالوں کا معیار کسی بھی بڑے شہر سے کم نہیں ہے اللہ تعالیٰ نے پھر عوام کی خدمت کا موقع دیا تو محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سفر جہاں پر روکا تھا وہاں سے ہی پھر شروع کریں گے اور عوام کو مہنگائی کے طوفان اور نام نہاد تبدیلی کے منفی اثرات سے محفوظ بنائیں گے ۔