منشا پاشا شہزادی مڈلٹن کے مشرقی انداز کے حمایتیوں پر برس پڑیں

مداحوں کی جانب سے پاکستان کے دورے پر  آئیں برطانوی شہزادی کے مشرقی انداز کو جہاں خوب سراہا جا رہا ہے وہیں پاکستانی اداکاراؤں کو ان کی مثال دیتے ہوئے خوب تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

 

برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کا مشرقی انداز  اپنانا پاکستان کی شوبز انڈسٹری کی اداکاراؤں کے لیے بھاری پڑ گیا اور  مداحوں کی جانب سے پاکستانی اداکاراؤں پر ان کے لباس کی وجہ سے کافی تنقید کی گئی جس سے تنگ آکر معروف اداکارہ منشا پاشا بھڑک اُٹھیں۔

اداکارہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ’مجھے شہزادی کیٹ مڈلٹن کا مشرقی انداز بے حد اچھا لگا مگر میں یہ پڑھ پڑھ کے تھک گئی ہوں کہ پاکستانی اداکاراؤں کو شہزادی کیٹ مڈلٹن سے کپڑے پہننا سیکھنے چاہئیں‘

منشا پاشا کا مزید کہنا تھا کہ ’گوروں سے متاثر ہونے کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ پاکستانی اداکاراؤں کو بے جا تنقید کا نشانہ بنائیں، شہزادی کیٹ مڈلٹن شاہی خاتون ہیں اور  انہیں اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے لباس کا انتخاب کرنا پڑتا ہے۔‘

منشا پاشا کے ٹوئٹس پر مداحوں نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شدید رد عمل کا اظہار  کیا۔

مہرین نامی صارف کا کہنا تھا کہ ’بات کپڑے پہننا سیکھنے چاہئیں کی نہیں ہے بلکہ بات یہ ہے کہ آپ اپنی ثقافت کو کیوں فروغ نہیں دیتیں؟ ہمیشہ مغربی لباس کا ہی چناؤ کیوں کرتی ہیں؟ دنیا کے تمام لوگ اپنی ثقافت اور  روایات کو فروغ دینے میں فخر محسوس کرتے ہیں اور آپ کو بھی یہی سیکھنے کی ضرورت ہے‘۔

اداکارہ نے ان کے جواب میں کہا کہ ’برطانیہ کے لوگ شہزادی کیٹ مڈلٹن کے شلوار قمیض پہننے پر کبھی یہ بات محسوس نہیں کریں گے کہ کیٹ مڈلٹن نے اپنی ثقافت کو ترک کرتے ہوئے یہ لباس پہنا مگر  یہاں اگر کوئی ایسا کرے تو سب کو ایسا لگتا ہے کہ اس نے اپنی ثقافت کو چھوڑ دیا ہے‘

بہرام علی نامی صارف نے منشا پاشا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ جینز اور ٹی شرٹ پہننے کی بات نہیں ہے بلکہ اصل بات تو یہ ہے کہ شوبز انڈسٹری کے نام پر اپنی حد سے تجاوز کر جانا‘

منشا پاشا کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے جویریہ نامی صارف کا کہنا تھا کہ ’بات یہ ہے کہ ایک غیر مسلم بھی اسلامی ثقافت کی عزت کرتا ہے تو یہ پاکستانی اداکارائیں کیوں نہیں کر سکتیں؟ ‘

عدنان وقار نامی صارف لکھا کہ ’مس کچھ تو شرم کرو‘

اداکار منشا پاشا کے ٹوئٹ پر تنقید کا سلسلہ اب تک نہ تھم  سکا اور صارفین کی جانب سے اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیا جا رہا ہے۔