انسداد ڈینگی مہم میں تمام ادارے بھر پور کردار ادا کریں:ڈپٹی کمشنر اٹک

لوگ اپنے ارد گرد کا ماحول صاف اور خشک رکھیں تاکہ اس بیماری سے محفوظ رہ سکیں،عشرت اللہ خان نیازی کی ہدایات
اٹک (صدیق فخر سے) انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر اٹک عشر ت اللہ خان نیازی نے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں محکمہ صحت، تعلیم اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈسٹرکٹ انٹمولجسٹ ثاقب حفیظ نے اجلاس کو انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی اٹک نے تمام اداروں کو ہدایات جاری کیںکہ وہ انسداد ڈینگی مہم میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔
ضلعی اور تحصیل انتظامیہ، سرکا ری اداروں اور بالخصوص محکمہ صحت کو چاہییء کہ وہ ڈنیگی کے مکمل خاتمے کے لییء اپنا بھر پور کر دار ادا کرے اور اس کے ساتھ اس مہم میں دیگر محکموں کی بھی بھرپور معاونت کرے۔انہوں نے کہاکہ ڈنیگی سے متعلق تمام محکموں کی کارکردگی جا نچنے کے لیے تیسری پارٹی کے ذریعے بھی نگرانی کی جارہی ہے اور ا ن کی کارکردگی کے متعلق اعلیٰ حکا م کو بھی رپورٹ ارسال کی جارہی ہے۔
۔اس موقع پر انہوں نے تمام ضلعی محکموں کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر اٹک نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے سرکاری دفاتر میں ڈینگی سے بچائو کے متعلق ضابطہ ء اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کریں اور عوام میں شعور بھی بیدار کریں۔انہوں نے اس موقع پر ضلع اٹک کی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد کا ماحول صاف اور خشک رکھیں تاکہ وہ اس خطرناک بیماری سے محفوظ رہ سکیں۔
