موجودہ حکومت ہر محاذ پر مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے:ملک سہیل خان کمڑیال

پنڈی گھیب، ایم این اے ملک سہیل خان کمڑیال میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں

 حکمرانوں کی نا اہلی کی بدولت ملکی معیشت کا پہیہ جام ، بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہوا

پنڈی گھیب (وحید احمدسے) پاکستان مسلم لیگ (ن) راولپنڈی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل ایم این اے ملک سہیل خان کمڑیال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت داخلی اور خارجی سمیت ہر محاذ پر مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے جبکہ حکمرانوں کی نا اہلی کی بدولت ملکی معیشت کا پیہہ جام ہو کر رہ گیا ہے جس کی وجہ سے بے روزگاری اور آئے روز بڑھتی مہنگائی نے عوام الناس کی زندگی عذاب میں مبتلا کر دی ہے باعزت روزگار کے مواقع نہ ہونے کے باعث تعلیم یافتہ نوجوانوں کا مستقبل تاریک کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان میں مایوسی پھیل رہی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی صحافی سید فرحت عباس نقوی اور سید منتظر مہدی کی رہائش گاہ پر فاتحہ خوانی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق امیدوار صوبائی اسمبلی عطاء المصطفیٰ جمیل، سابق کونسلر طارق محمود ، ملک آفتاب حسین نمبردار اور پرسنل سیکرٹری وحید احمد بھی موجود تھے ۔

انہوں نے کہا کہ ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوام ایک سال کے اندر ہی موجودہ حکومت سے تنگ ہو چکے ہیں تاجر، کسان، مزدور سمیت ہر طبقہ صدائے احتجاج بلند کر رہا ہے 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کا احتجاجی جلسہ موجودہ نااہل حکمرانوں سے نجات دلانے کی بنیاد ثابت ہوگا جس میں حلقہ این اے 56 تحصیل پنڈی گھیب اور جنڈ کے مختلف علاقوں سے قافلے شرکت کیلئے نکلیں گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے احتجاجی مظاہرین کو گرفتار کرنے کی غلطی کی تو یہ احتجاج علاقہ بھر میں پھیل جائے گا جس کو کنٹرول کرنا حکومت کے بس میں نہیں رہے گا ۔