پنڈی گھیب ، شادی کے گھر میں بجنے والے شادیانے صف ماتم میں تبدیل

ممتاز ٹرانسپورٹر محمد خان اعوان کے بیٹے کی ڈیڑھ ماہ بعد شادی مقرر تھی،محمد انور اعوان سڑک کے حادثہ میں موت کا شکار ہو گیا
اٹک :شادی کے گھر میں بجنے والے شادیانے صف ماتم میں تبدیل ، ڈیڑھ ماہ بعد شادی مقرر تھی کہ نوجوان سڑک کے حادثہ میں موت کا شکار ہو گیا ، تفصیلات کے مطابق پنڈی گھیب کے ممتاز ٹرانسپورٹر محمد خان اعوان کا 19 سالہ جواں سالہ صاحبزادہ محمد انور اعوان ایک روز قبل اپنے ذاتی ٹریلر پر ہری پور سے مال لوڈ کر کے آ رہے تھے اس وقت قاری افضل اعوان ٹریلر چلا رہا تھاجبکہ انور ٹریلر کے پیچھے بنی چارپائی پر سو رہا تھا کہ اچانک جمپ لگنے سے سڑک پر گر گیا اور سر پر شدید چوٹ آنے کی وجہ سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا متوفی کی میت آبائی گاؤں ڈھوک جھنگی پہنچی تو کہرام مچ گیا ہر آنکھ اشکبار تھی مرحوم کو نماز جنازہ کے بعد ڈھوک جھنگی کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔
نماز جنازہ میں آل پاکستان ٹرانسپورٹ یونین کے صدر ملک نذر اعوان ، چیئرمین ملک غلام ربانی اعوان ، سابق وائس چیئرمین سردار نعیم ، حافظ عبدالرءوف ، ہیڈ ماسٹر خضر حیات ، عابد حسین طارق اور عمائدین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
