جنڈ،چھب کے نوجوان شاعر غفران کامل کے مجموعے ’’قیام‘‘ کی تقریبِ پذیرائی

تقریب گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج جنڈمیں منعقد ہوئے،تقریب کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر سید کامران کاظمی (اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد) نے کی
جنڈ (ظفر اقبال سے) علاقہ نرڑہ ، چھب کے ابھرتے ہوئے نوجوان شاعر محمد غفران کامل کے اوّلین شعری مجموعے ’’قیام‘‘ کی تقریبِ پذیرائی ، گورنمنٹ ڈگری کالج ( بوائز) ، جنڈ میں انعقاد پذیر ہوئی تقریب کی صدارت ، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ، اسلام آباد سے آئے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر سید کامران کاظمی نے کی۔ نظامت کے فرائض عمران حیدر (جھمٹ) نے انجام دی۔ تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت سعد عالم اور اسیراللہ کے حصے میں آئی جب کہ رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت اجمل شاہ نے پیش کیے۔ اس کے بعدپروفیسر شوکت محمود شوکت پرنسپل ، گورنمنٹ کالج ، چھب نے سپاس نامہ پیش کیا اور تمام مہمانانِ گرامی کو خوش آمدید کہا ۔ بعد میں تمام مقررین نے اپنی اپنی گفتگو میں غفران کامل کے شعری مجموعے’’قیام‘‘میں مشمولہ شاعری کو اس دور کی بہترین شاعری کہا ۔ اور اس شعر کو ہر مقرر سراہتا رہا یقین کرتا تو میں نہ ہوتاکہا گیا تھا کہ تو نہیں ہےصدرِ محفل کے الوداعی خطاب سے پہلے ، غفران کامل سے ان کا کلام بھی سنا گیا ۔بعد ازاں ، اس تقریب کا دوسرا دور (مشاعرہ) شروع ہوا ۔
جس کی صدارت معروف شاعر ملک سجاد حسین ساجد نے کی ۔ حاضر شعرا میں ، محمد حسنین علی ( کامرہ) ، صفی کنجوری ( کنجور)، عثمان ناظر(جنڈ ) ، فیضان فیضی ( چکوال ) ، پروفیسر عبدالحمید مجروع (جنڈ )ابرار نیّر (کوٹ چھجی) نثار تاثیر ( میانوالی ) ، عصمت نیازی ( میانوالی) سیّد صہیب ہاشمی ( میانوالی) ، سید صفدر شاہ جنڈ ،مدثر عباس کہوٹ ( چکوال ) ، عقیل ملک (پنڈی گھیب) ، طاہر اسیر (اٹک)، ثقلین ضیغم (اسلام آباد) ، پروفیسر تنویر سجاد (جنڈ)، غفران کامل (چھب)، پروفیسر شوکت محمود شوکت (پرنسپل گورنمنٹ کالج) چھب اور صاحبِ صدارت سجاد حسین ساجد نے اپنا کلام سنایا ۔ اس تقریب کے اختتام پر پروفیسر تنویر سجاد ، پرنسپل ، گورنمنٹ ڈگری کالج (بوائز ) ، جنڈ نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ اس مشاعرے کی خاص بات یہ تھی کہ طلبہ سمیت تمام حاضرین و ناظرین نے بڑے ذوق و شوق سے تمام شعرا کو سنا اور ہر اچھے شعر پر کھل کے داد دی ۔ آخر میں مہمانوں کو پرتکلف ظہرانہ دیا گیا اور تحائف دے کر رخصت کیا گیا۔
