ڈپٹی کمشنر اٹک کا جنڈ کیمپ آفس کا دورہ، عوامی مسائل سنے

ٹی ایچ کیو ہسپتال جنڈ اور پنڈی گھیب کا بھی دورہ کیا، حکومت عوامی فلاح کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،علی عنان قمر
جنڈ(صدیق فخر سے) وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر نے اٹک کی دور دراز تحصیلوں میں عوامی مسائل حل کر نے کے لیے کیمپ آفسز قائم کر دیے ہیں۔یہ دفاتر ان تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں قائم کئے گئے ہیں ۔آج ڈی سی اٹک نے جنڈ میں کیمپ آفس کا دورہ کیا اور عوام کے مسائل سنے۔ڈی سی اٹک علی عنان قمر نے موقع پر مسائل کے حل کے لئے احکامات جاری کئے، بعد ازاں ڈی سی اٹک نے ٹی ایچ کیو ہسپتال جنڈ اور پنڈ گھیب کا دورہ کیا۔ہسپتالوں کے دورے کے دوران مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت وزیر اعلی پنجاب عثمان بز دار کی ہدایات کی روشنی میں عوامی فلاح کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر نے کہا کہ ہر ہفتے بروز (منگل) کو تحصیل پنڈی گھیب کے مسائل کے حل کے لیئے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی پنڈی گھیب کے آفس میں آ کر انتظامی امور کی نگرانی کریں گے۔ جبکہ اسسٹنٹ کمشنر جنڈ آفس میں بھی ہفتے میں ایک دن بیٹھا کریں گے ۔
