حکمرانوں نے قومی مفادات کو پس پشت ڈال دیا ہے،جماعت اسلامی اٹک

ہزاروں لوگ ملین مارچ کشمیر کا حصہ بنیں گے کشمیر مارچ کا مقصد ملک و قوم کے حکمرانوں کو جگانا ہے،سردار امجد علی خان، حافظ محمد بلال
اٹک :حکمرانوں نے قومی مفادات کو پس پشت ڈال دیا ہے کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، ہندو بنیئے نے غاصبانہ قبضہ کے بعد اس کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اسے بھارت میں شامل کر لیا ہے اور کشمیریوں پر ان کا جینا محال کر دیا ہے اور حکمران تماشادیکھ رہے ہیں حکمرانوں کو یاد رکھنا چاہیے خدا انہیں معاف نہیں کرے گا۔
22 دسمبر کشمیر مارچ ایک تاریخی دن ثابت ہوگا ان خیالات کا اظہار امیر ضلع سردار امجد علی خان اور ضلعی سیکرٹری جنرل حافظ محمد بلال نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا سردار امجد علی خان نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی کال پر ضلع اٹک کے ارکان و کارکنان ، مردو خواتین اور بچے ہزاروں کی تعداد میں اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہونگے۔
جہاں وہ ڈی چوک پر اکھٹے ہونگے اور ملین مارچ کشمیر کا حصہ بنیں گے کشمیر مارچ کا مقصد ملک و قوم کے حکمرانوں کو جگانا ہے اٹھو کہ اب وقت ہے کہ اپنی شہ رگ کو بچا لو ورنہ تاریخ تمہیں معاف نہیں کرے گی بزدلی نہ دکھاوَ ڈرو مت ، تم خدا اور اس کے رسول خاتم النبین ؐ کے نام لیوا ہو آگے بڑھو ظلم ، ظالموں اور قاتلوں کو ختم کر ڈالو اور اپنے کشمیر اور کشمیریوں کو بچا لو ۔
