حسن ابدال میں ڈپٹی کمشنر اٹک کے زیر اہتمام کھلی کچہری

اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال عدنان انجم راجہ نے استقبال کیا ،سی او حسن ابدال سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے
حسن ابدال: حسن ابدال میں ڈپٹی کمشنر اٹک کے زیر اہتمام کھلی کچہری،مسائل سنے اورموقع پر ان کے حل کیلئے احکامات بھی جاری کئے، تفصیلات کے مطابق ڈی سی اٹک علی عنان قمر کی جانب سے اٹک میں اپنی تعیناتی کے بعد پہلی مرتبہ حسن ابدال میں کھلی کچہری کا اہتمام کیا گیا جس میں وہ مقررہ وقت پر ٹی ایم اے ہال حسن ابدال پہنچے ۔ اس موقع ہر اے سی عدنان انجم راجہ کی جانب سے ان کا استقبال کیا گیا جبکہ سی او حسن ابدال سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ کھلی کچہری کی تشہیر نہ ہونے کے باعث عام شہری اس کے انعقاد کے حوالے سے لاعلم رہے جبکہ محکمہ مال اور ایم سی حسن ابدال کے ملازمین کی بڑی تعداد کی مدد سے ہال کی خالی کرسیاں بھر دی گئیں ۔ کھلی کچہری میں پی ٹی آئی ورکر چن ویز کی جانب سے نہ صرف کھلی کچہری میں عوام کی عدم شمولیت کی نشاندہی کی گئی بلکہ ٹی ایچ کیو حسن ابدال میں درپیش مسائل اور شہر کے دیگر مسائل کے حوالے سے انہیں آگاہ کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے عوام کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوری سے صاف ستھرا پنجاب مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے جس میں عوام کے ساتھ مل کر نہ صرف پورے پنجاب کو صاف کیا جائے گا بلکہ عوام کے ذریعے پودے لگوائے جائیں گے تا کہ علاقے کو سرسبز بنایا جا سکے اور ماحول کو بہتر بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایچ کیو حسن ابدال میں ہماری کوشش کے باوجود کوئی ڈاکٹر آنے کو تیار نہیں ہے مگر جلد اس کے باوجود ہماری کوشش ہے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے جبکہ نالوں کی صفائی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر ماہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا کریں گے اور کم از کم ایک ہفتہ قبل اس کی تشہیر کی جائے گی تاکہ کھلی کچہری میں عام عوام شرکت کر سکیں اور کھلی کچہری کا اصل مقصد حاصل کیا جا سکے ۔
